تازہ ترین

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تقرری کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ جیل خانہ جات میں نئے بھرتی ہونے والے وارڈنز کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا گیا ہے اور یہی پالیسی آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے نئے تعینات جیل وارڈنز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض نہایت ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ انجام دیں گے اور محکمہ جیل خانہ جات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ آج تعینات ہونے والے وارڈنز میں سے وہ کسی کو ذاتی طور پر نہیں جانتے اور انہیں یقین ہے کہ کسی بھی امیدوار نے تقرری کے لیے سفارش کا سہارا نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ اس نے بھرتی کے عمل میں اثر و رسوخ استعمال کیا ہو، اور اگر کسی کو اپنی تقرری کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وزیراعلیٰ ہاو¿س کے دروازے اس کے لیے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں نہ صرف میرٹ بلکہ صنفی مساوات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، جس کا واضح ثبوت آج دو ٹرانسجینڈر افراد کی تقرری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اقلیتوں اور ٹرانسجینڈر افراد کے باقی ماندہ کوٹہ پر تقرریاں قواعد میں نرمی کے ساتھ مکمل کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میںاقلیتوں کے لیے بلا سود قرضوں کی سکیم متعارف کرانے کابھی اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم اور صحت میں جاری بھرتیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایٹا کے ذریعے16 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 2400 ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان بھرتیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ میرٹ و شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تربیتی عمل اور دیگر ضروریات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے تاکہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قیدیوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس ضمن میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیلوں میں سکیورٹی کو مو¿ثر بنانے اور وسائل کے بہتر استعمال کے لیے ورچوئل کورٹس اور ویب میٹنگز جیسے جدید اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں جن سے نہ صرف سکیورٹی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جیلوں کے لیے اینٹی ڈرون سسٹمز کی فراہمی کا اعلان بھی کیا تاکہ سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔آخر میں وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تقرری کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی اصول صوبے کی ترقی اور عوام کے اعتماد کی بنیاد ہیں، اور حکومت ہر سطح پر ان اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button