تازہ ترین

چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کی افتتاحی تقریب رنگا رنگ انداز میں منعقد، کیک کاٹ کر ایونٹ کا باقاعدہ آغاز

چترال: چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا شاندار افتتاح کیک کاٹ کر کر دیا گیا، جس میں مختلف ٹیمیں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی سطح پر اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس کے ذریعے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں چترال کی نمائندگی کے مواقع مل سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی کوششوں سے لینڈلنگ اسکول کے قریب اسٹیڈیم کے لیے زمین مختص کی جا چکی ہے اور جلد ہی متعلقہ حکام چترال کا دورہ کر کے عملی کام کا آغاز کریں گے۔اے ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کا مقصد دلوں کو جوڑنا ہے، لہٰذا پریمیئر لیگ میں تمام ٹیمیں دوستانہ ماحول میں کھیل پیش کریں۔ انہوں نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ چترال ٹاؤن میں کرکٹ گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث میچز دروش میں کھیلے جا رہے ہیں۔

تقریب سے سی ای او چترال پریمیئر لیگ فخر اعظم، ڈی پی ایم سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال طارق احمد، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال ڈاکٹر فیاض رومی، امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجہہ الدین،الحاج حسین احمد، اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں میں ہم آہنگی، بہتر روابط اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے نہایت اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ چترال میں کرکٹ گراؤنڈ کی عدم دستیابی کے باعث قومی سطح پر نمائندگی محدود ہے، اس لیے اسٹیڈیم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو یہ کھلاڑی ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو میں کل دس ٹیموں نے حصہ لیا ۔جس میں  چترال سرکار، سائرج کوہ، دروش درویش، جغور جاگورز، بروز واریئرز، ایس کے ایس مارخور، اپر چترال لائنز، قشقار دروش، چترال چیمپئنز اور سکانی رائیڈرز کی ٹیمیں شامل ہیں۔تقریب کے صدرمحفل عوامی نیشل پارٹی کے سابق جنرل سیکرٹری میرعبادالرحمن تھے جبکہ نظامت کے فرائض انصارالہی نغمانی دے رہے تھے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button