تازہ ترین

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پرنس رحیم آغا خان کے استقبال کیلئے چترال پہنچ گئے

چترال(نمائندہ )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پرنس رحیم آغا خان کے استقبال کیلئے چترال پہنچ گئے، جہاں چترال ائیرپورٹ پر سرکاری حکام، پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے عہدیداران اور مقامی عمائدین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چترال آمد پر سابق صوبائی وزیر سلیم خان نے گورنر خیبرپختونخوا کو روایتی چترالی ٹوپی اور چوغہ پیش کیا، جس پر گورنر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے چترال کی ثقافت اور مہمان نوازی کو سراہا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کو پرنس رحیم آغا خان کی آمد کے حوالے سے سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ متعلقہ حکام نے گورنر کو دورے کے تمام انتظامات اور سیکیورٹی پلان سے آگاہ کیا۔
دریں اثنا گورنر فیصل کریم کنڈی نے لوئر چترال میں جاری پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ بھی دیکھا اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں داد دی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں چترال سکاؤٹس اے ٹیم نے چترال پولیس کو ایک کے مقابلے آٹھ گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں چترال لیویز اے ٹیم نے کوشٹ ٹیم کو تین کے مقابلے چھ گول سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ چترال میں پولو صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہاں کی ثقافت، روایات اور عوامی جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا۔
ادھر پرنس رحیم آغا خان پیر کے روز لوئر چترال پہنچیں گے جہاں وہ گرم چشمہ میں منعقد ہونے والے خصوصی دیدار کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ ان کی آمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں استقبالی تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button