تازہ ترین

شدید بارش سے لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے، مکانات، فصلوں اور پل کو نقصان؛ ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں جاری

چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ شب گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں کے باعث مختلف ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس سے متعدد علاقوں میں مکانات، فصلوں، مویشی خانوں، رابطہ پل اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا، جبکہ کئی سڑکیں اور آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق بروز، سین کڑوم، بروز گول، گولدہ، دومون، کوڑ میں سیلابی ریلوں کے باعث متعدد مکانات اور مویشی خانے جزوی طور پر متاثر ہوئے، فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بروز گول کا رابطہ پل بھی سیلابی ریلے سے متاثر ہوا، جس کے باعث دونوں اطراف کی ٹریفک عارضی طور پر بند ہوگئی اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید بارشوں کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ساجد علی یوسفزئی کی سربراہی میں ریسکیو 1122 لوئر چترال کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں رات بھر مختلف علاقوں میں گشت اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔ اطلاع ملتے ہی متاثرہ مقامات پر پہنچ کر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کی گئیں، جبکہ سیلابی ریلوں سے بند ہونے والی متعدد سڑکوں کو کھول کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق لوئر چترال کے علاقے اوسیک میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی، جسے ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت ریکور کر لیا۔
ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کے مطابق گزشتہ شب ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باوجود تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button