تازہ ترین

جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کا ضلعی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس: تنظیمی استحکام اور متوقع بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کا فیصلہ

​چترال (نمائندہ)جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کی ضلعی مجلسِ شوریٰ کا ایک اہم اجلاس ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں شوریٰ کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں جماعت کے تنظیمی استحکام، موجودہ سیاسی صورتحال اور بالخصوص متوقع بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
​اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز سابق ضلعی امیر مولانا قاری عبد الرحمن قریشی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عبد المجید نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے اجلاس کے نكات اور ایجنڈا اراکین کے سامنے پیش کیا۔
​خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن نے جماعت کی تنظیمی صورتحال، سیاسی حکمتِ عملی اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مجلسِ شوریٰ کے اراکین نے ایجنڈے پر اپنی قیمتی آراء اور تجاویز پیش کیں اور ضلعی قیادت کی اب تک کی کارکردگی اور کاوشوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
​اجلاس کا اہم ترین نکتہ متوقع بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لینا تھا۔ مجلسِ شوریٰ نے متفقہ طور پر عزم ظاہر کیا کہ جے یو آئی آنے والے بلدیاتی معرکے میں موثر اور فعال سیاسی کردار ادا کرے گی۔ اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں جماعتی نظم کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص ویلیج کونسلز کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو متحرک کرنے اور عوام سے رابطہ مہم کو تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
​اجلاس سے سینئر نائب امیر قاری جمال عبد الناصر، نائب امیر قاری وزیر احمد، سابق امیر مولانا قاری عبد الرحمن قریشی، سابق امیر مولانا عبد الشکور، خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزماں، سیکرٹری اطلاعات نصرت الٰہی، سیکرٹری مالیات مولانا فیض محمد، مولانا محمود الحسن، قاری یوسف، قاضی کفایت اللہ و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے ضلعی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر سطح پر تنظیمی و سیاسی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
​اجلاس کے اختتام پر نائب امیرِ اول قاری جمال عبد الناصر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد ملک و ملت کی سلامتی اور جماعت کی کامیابی کے لیے دعائیہ کلمات کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button