ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تجار یونین چترال کی کال پر اتالیق پل پر سول سوسائٹی کا ایک بہت بڑا احتجاجی جلسہ منعقد

صچترال (نمائندہ)ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تجار یونین چترال کی کال پر اتالیق پل پر سول سوسائٹی کا ایک بہت بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں تاجروں، وکلاء، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے تجار یونین کے صدر نور احمد خان، دین محمد ندیم، عبدالولی خان ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مومن الرحمن ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی کے مغفرت شاہ اور امیر وجیہہ الدین، جے یو آئی کے قاضی نسیم اور اے این پی کے صدر حاجی عید الحسین، پی ٹی آئی کے سید فرید جان، پی پی پی کے سینئرنائب صدرشریف حسین، اگیگا کے صدر ضیاء الرحمن سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے حکومت کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن ایک پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقہ ہے، اس لیے یہاں کے عوام کسی بھی قسم کے وفاقی ٹیکسوں کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس فری زون برقرار رکھا جائے، بصورت دیگر پورے چترال اور ملاکنڈ ڈویژن میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دمادم مست قلندر ہوگا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اتالیق پل پر ٹریفک کو بھی معطل رکھا۔







