ڈپٹی کمشنر مقبول حسین لواری ٹنل کے اندر اپنی گاڑی ایک مال بردار ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں زخمی

چترال (نمائندہ ) جمعہ کے دن صبح س6بجے کے وقت لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر مقبول حسین لواری ٹنل کے اندر اپنی گاڑی ایک مال بردار ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں زخمی ہو گئے۔ ابتدائی ریسکیو اور انتظامی رپورٹس کے مطابق، ڈی سی لوئر چترال مقبول حسین 8.5 کلومیٹر طویل لواری ٹنل سے گزر رہے تھے —کہ اس دوران ان کی سرکاری گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس تصادم کے نتیجے میں گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا۔حادثے کے فوراً بعد، ایمرجنسی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی سیکیورٹی اہلکار ٹنل کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر گاڑی سے نکال کر ہنگامی طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اپر دیر منتقل کیا گیا۔ ایمرجنسی ریسکیو حکام کی جانب سے جاری کردہ بیانات کے مطابق، ڈی سی مقبول حسین کو فوری طبی امداد فراہم کرکے مزید علاج کے لئے پشاور ریفر کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اس حادثے کے باعث اس اہم ترین شاہراہ کے اندر ٹریفک کی روانی کچھ دیر کے لیے معطل ہو گئی، جس سے ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبہ ہٹائے جانے تک ٹنل کے دونوں اطراف گاڑیوں کی معمولی لائنیں لگ گئیں۔



