نگر فورٹ فٹبال کپ 2026 اختتام پذیر، مغل ایف سی چترال چیمپئن بن گئی

چترال (چ،پ) چترال کے تاریخی، خوبصورت اور سیاحتی مقام ’’نگر باغ‘‘ میں سرکار شاہی خاندان کی سرپرستی اور خصوصی تعاون سے منعقد ہونے والا شاندار فٹبال ایونٹ ’’نگر فورٹ فٹبال کپ 2026‘‘ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز فائنل میں ’’مغل ایف سی چترال‘‘ نے ’’ آئیڈیل کلب دروش‘‘ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
نگر فورٹ فٹبال کپ 2026 کا انعقاد ’’ آئیڈیل کلب دروش‘‘ کی زیر نگرانی کیا گیا جس میں چترال اور اپر دیر کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ مختلف میچز میں شائقین فٹبال کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ایونٹ کو بھرپور رونق بخشی۔
فائنل میچ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز چترال محمد ریاض مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر تحصیل دروش کے سیاسی و سماجی عمائدین، سینئر فٹبال کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین فٹبال کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فائنل میں ’’مغل ایف سی چترال‘‘ اور ’’ آئیڈیل کلب دروش‘‘کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ مغل ایف سی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور آئیڈیل کلب کو کوئی گول کرنے کا موقع نہ دیتے ہوئے ’’2-0 سے کامیابی‘‘ حاصل کی۔
تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض نے نگر فورٹ فٹبال کپ کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر ’’ سرکاری فیملی نگر فورٹ ‘‘ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے ایونٹس کا انعقاد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی ترقی کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اسسٹنٹ کمشنر ریاض نے اپنی طرف سے ’’ فاتح ٹیم کے لیے 20 ہزار روپے، رنر اپ ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے جبکہ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے لیے 20 ہزار روپے‘‘ انعام کا اعلان بھی کیا۔
فائنل کے دن بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے گورنمنٹ مڈل سکول نگر اور نگر فورٹ سکول کے مابین ایک نمائشی فٹبال میچ بھی رکھا گیا جس میں گورنمنٹ مڈل سکول نگر نے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ ’’ نگر فورٹ فٹبال کپ 2026 اس علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑا فٹبال ایونٹ‘‘ ہے، جو نگر باغ گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں نگر فورٹ کی شاہی فیملی کی خصوصی دلچسپی، سرپرستی اور تعاون شامل رہا، جس کے نتیجے میں علاقے میں فٹبال کے لیے ایک نیا میدان بھی متعارف ہوا۔
فٹبال کے کھلاڑیوں اور شائقین نے ’’ نگر فورٹ سرکار فیملی کے سربراہ شہزادہ صلاح الدین سرکار‘‘ اور ان کے صاحبزادوں ’’ شہزادہ غازی الدین اور شہزادہ جمال الدین‘‘ کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کے لیے فٹبال کا ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں ایک نئے فٹبال گراؤنڈ کے قیام اور استعمال کی راہ ہموار کی۔
شائقین اور کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ’’ نگر باغ گراؤنڈ مستقبل میں بھی بڑے فٹبال ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے‘‘ اور اس سے نہ صرف علاقے میں فٹبال کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔






