تازہ ترین

نیٹو اسکول سسٹم بتریک بمبوریت میں سالانہ نتائج اور تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب

چترال (نامہ نگار) نیٹو اسکول سسٹم بتریک، وادی بمبوریت میں سالانہ نتائج اور تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی، تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھانے اور معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔
تقریب میں طلبہ نے حمد باری تعالیٰ، نظمیں، اردو و انگریزی تقاریر، خاکے، ٹیبلو، رقص اور دیگر رنگا رنگ سرگرمیاں پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی فاؤنڈیشن ٹو ایمپاور اسٹوڈنٹس (FES) کے منیجر کمیونیکیشن اینڈ ریلیشن شپ آصف اللہ شاکر تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف اللہ شاکر نے کہا کہ ابتدائی بچپن کی نشوونما اور تعلیم (ECD) بچوں کی علمی، جذباتی اور سماجی تربیت کی بنیاد ہے، جو ان کی مستقبل کی تعلیمی کامیابی اور شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن ٹو ایمپاور اسٹوڈنٹس اپر اور لوئر چترال میں مستحق طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ابتدائی تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے نے دونوں اضلاع میں 150 سے زائد مقامات پر مراکز قائم کیے ہیں، جہاں تدریسی مواد، جدید ٹیکنالوجی اور ضروری فرنیچر فراہم کیا گیا ہے۔ ان مراکز سے وابستہ افراد کی استعداد بڑھانے اور تعلیمی معیار برقرار رکھنے کے لیے تربیت، رہنمائی اور نگرانی کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے نیٹو اسکول سسٹم بتریک بمبوریت میں بھی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
اسکول کے پرنسپل اور معروف ماہر تعلیم شیر جہان خان نے کہا کہ نیٹو اسکول سسٹم وادی بمبوریت میں کالاش اور مسلم برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ادارے میں نصابی تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے تعلیمی معیار کے ساتھ عملی اور فکری تربیت بھی ضروری ہے۔ اسکول انتظامیہ آئندہ بھی طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب سے معروف کالاش خاتون حضرت گل، سیاسی و سماجی شخصیت خورشید احمد، کالاش نوجوان آغا خان اور وائس پرنسپل یاسر علی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے معیاری تعلیم کے فروغ اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تعلیمی اداروں اور متعلقہ تنظیموں کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اسکول ہٰذا کے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، جو قابلِ تحسین ہے۔تقریب میں طلبہ کے والدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button