(AKAH) نے ہفتے کے روز وادی گرم چشمہ کے دور افتادہ سرحدی دیہات ‘واخت’ اور ‘گوبوربخ’ میں دو پرائمری اسکولوں کی نو تعمیر شدہ اور مرمت شدہ عمارات کو باقاعدہ طور پر محکمہ تعلیم لوئر چترال کے حوالے کر دیا

چترال (نمائندہ) آغا خان ایجنسی برائے ہیبی ٹیٹ (AKAH) نے ہفتے کے روز وادی گرم چشمہ کے دور افتادہ سرحدی دیہات ‘واخت’ اور ‘گوبوربخ’ میں دو پرائمری اسکولوں کی نو تعمیر شدہ اور مرمت شدہ عمارات کو باقاعدہ طور پر محکمہ تعلیم لوئر چترال کے حوالے کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ پروقار افتتاحی تقریبات کے دوران ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، احسان اللہ نے دونوں اسکولوں میں افتتاحی تختیوں کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ AKAH کے ریجنل پروگرام منیجر الطاف حسین شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) شاہد حسین، مقامی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
پاکستان افغانستان تاجکستان ریجنل انٹیگریشن پروگرام (PATRIP) فاؤنڈیشن کے مالی تعاون سے چلنے والے اس وسیع بحالی منصوبے کو AKAH نے پایہ تکمیل تک پہنچادیا ہے۔ اس اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت اسکولوں میں اضافی کلاس رومز اور جدید واش رومز کی تعمیر، عمارات کو شمسی توانائی (سولر سسٹم) پر منتقل کرنا، حفاظتی دیواروں پر ریزر وائر کی تنصیب اور خصوصی بچوں کی آسانی کے لیے ریمپ کی تعمیر شامل ہے۔ مزید برآں، ماحولیاتی پائیداری اور قدرتی آفات کے خلاف مزاحمت کو یقینی بنانے کے لیے کلاس رومز میں ”گرین ریٹرو فٹنگ” (Green Retrofitting) کی جدید تکنیک بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پیرنٹ ٹیچر کونسلز کے چیئرمین—اسکول واخت کے شیر اعظم اور اسکول گوبخ کے اسماعیل خان—نے بحالی کے کام کے اعلیٰ معیار پر گہرے اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اسکول 1980ء کی دہائی میں قائم کیے گئے تھے، اور چالیس سال سے زائد عرصے تک ان عمارات کی کوئی دیکھ بھال نہیں کی گئی، جبکہ بنیادی سہولیات بھی ناپید تھیں۔ اس اعلیٰ معیار کی مرمت نے ہماری توقعات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب ہمارے بچوں میں اسکول آنے کا ایک نیا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے، یہاں تک کہ وہ بچے جو پہلے اسکول نہیں جاتے تھے، اب وہ بھی یہاں داخلے کے لیے بے تاب ہیں۔”
سرحدی برادریوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے ضلع بھر میں قدرتی آفات سے بچاؤ اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں AKAH کی بروقت اور قابل اعتماد مداخلت کو شدید سراہا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صوبے بھر میں چترال کا اسکول انرولمنٹ (داخلہ) ریٹ مثالی ہے، اور اس کامیابی کا سہرا AKAH جیسی ترقیاتی تنظیموں کی مشترکہ کوششوں کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ معیاری تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
AKAH کے ریجنل پروگرام منیجر الطاف حسین شاہ نے منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے وضاحت کی کہ گرین ریٹرو فٹنگ کی تکنیک اسکول کی عمارات کو زلزلوں اور دیگر زمینی محرکات کے خلاف انتہائی محفوظ بناتی ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اسی طرز پر اپر چترال کے مزید چار سرکاری اسکولوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام اس وقت تیزی سے جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) شاہد حسین نے نئی فراہم کردہ سہولیات کے معیار کی تعریف کی اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے داخلوں میں اضافہ کریں۔ پبلک سیکٹر میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے حکومتی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے، ڈی ای او نے مقامی برادری سے وعدہ کیا کہ اگر اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں مستقل اضافہ برقرار رہا، تو محکمہ تعلیم ان دونوں پرائمری اسکولوں کو مڈل لیول کا درجہ دے دے گا۔
اکاہ کے سینئر انجینئر بایار لطیف اور فیلڈ انجینئر سرتاج عزیز بھی دونوں مقامات پر موجود تھے۔















