تازہ ترین

ہیلوی تاس پاکستان کے منیجر آپریشنز اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر کا فارمرز کوآپریٹیو آرگنائزیشن آیون کا دورہ

چترال (محکم الدین) ہیلوی تاس پاکستان کے منیجر آپریشنز سید محمد نقوی اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد اسد نے آیون پروفیشنل فارمرز کوآپریٹیو آرگنائزیشن (APFCO) کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بزنس موبلائزیشن پارٹنر ہیلوی تاس اظہر اقبال اور ‘آئیڈیا’ کے عبدالحمید بھی ان کے ہمراہ تھے۔​دفتر پہنچنے پر APFCO کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور ممبران نے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز قاری محمد اسرار کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ صدر عتیق احمد نے تمام ممبران کی جانب سے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔​بعد ازاں جنرل سیکرٹری محکم الدین نے آیون کے جغرافیائی و زرعی تعارف اور APFCO کے قیام و ساخت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ آیون وسیع زرعی زمین، پانی کی فراوانی، باصلاحیت افرادی قوت، جنگلات اور قدرتی حسن کے باعث پورے چترال میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہ علاقہ چترال میں سبزیوں کی سب سے زیادہ پیداوار دینے کے ساتھ ساتھ املوک، انار اور اخروٹ جیسے منافع بخش پھلوں کی تجارتی پیداوار کے لیے بھی مشہور ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آرگنائزیشن کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور دفتر بھی قائم ہے، جبکہ بزنس پلان کے تحت فنڈز کے اجراء کا انتظار ہے۔

​اس موقع پر بزنس ڈویلپمنٹ منیجر محمد اظہر نے بزنس پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجیحی سبزیات و میوہ جات کی پیداوار اور مارکیٹنگ کے امور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت زمیندار کی شب و روز کی محنت کا بڑا فائدہ ‘مڈل مین’ اٹھا رہا ہے جو صرف مارکیٹ معلومات کی بناء پر دگنا منافع کماتا ہے۔ پی ایف سی او کا بنیادی مقصد ایسا باقاعدہ میکانزم بنانا ہے جس سے کسان کو اس کی محنت کا پورا اور مناسب معاوضہ مل سکے۔​تقریب میں ہیلوی تاس کے نمائندوں کی جانب سے آرگنائزیشن کے وژن، مشن اور مارکیٹنگ حکمتِ عملی سے متعلق سوالات بھی کیے گئے، جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔

​اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منیجر آپریشنز سید محمد نقوی اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسد نے APFCO کی ٹیم اور ممبران کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرگنائزیشن کے پاس مقامی کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کا ایک واضح اور وسیع وژن موجود ہے۔ انہیں کامل یقین ہے کہ پی ایف سی او علاقائی زراعت و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر غربت میں کمی اور مقامی زمینداروں کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button