مضامین

چترال میں امراضِ قلب میں اضافہ — عوامی آگاہی کی ضرورت……کاوشاتِ اقبال سے ایک ورق

کاوشاتِ اقبال سے ایک ورقچترال پاکستان کے خوبصورت ترین، صحت افزا اور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اس کی خوبصورتی کا ایک اہم سبب یہاں کا صاف ستھرا ماحول تھا، لیکن گزشتہ چند سالوں سے یہاں کی آب و ہوا پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اس صورتِ حال کا آغاز چترال شندور روڈ کی تعمیر سے ہوا، جو اب تک جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں ہر جگہ دھول اور دھوئیں کے مرغولے لہراتے نظر آتے ہیں اور گرد و غبار نے ماحول کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

صحت انسانی زندگی کی سب سے بڑی نعمت اور تمام خوشیوں کی بنیاد ہے۔ اس کے بغیر دنیا کی ہر نعمت اور ہر دولت بے معنی محسوس ہوتی ہے۔ جب جسم صحت مند ہوتا ہے تو دماغ بھی تازہ دم رہتا ہے اور دل بھی تروتازہ رہتا ہے، جس سے زندگی کو بہتر انداز میں گزارنے اور مثبت سوچنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

گزشتہ چند سالوں سے چترال میں امراضِ قلب میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، ہر ماہ سات افراد اس موذی مرض کا شکار ہو جاتے ہیں۔

چترال جیسے پہاڑی اور دور دراز علاقے میں امراضِ قلب میں اضافے کے ساتھ ساتھ ماہر ڈاکٹروں اور کارڈیالوجی وارڈز کی شدید کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ایسے حالات میں دل کے امراض کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم انتہائی ضروری ہے۔ چترال کے دونوں اضلاع میں بنیادی اور ثانوی مراکزِ صحت میں ڈاکٹروں کی آسامیاں بہت کم ہیں اور ان میں سے بھی کئی خالی پڑی ہیں۔ یہاں مکمل کارڈیالوجی وارڈز اور سی سی یو کی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔ ان ہسپتالوں میں دل کے مریض آتے ہیں، لیکن مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں پشاور ریفر کرنا پڑتا ہے۔ دل کے بائی پاس آپریشن، انجیوپلاسٹی اور کیتھ لیب کی سہولت بھی موجود نہیں۔ ہارٹ اٹیک کے شدید مریضوں کو لواری ٹنل کے راستے پشاور کے ہسپتالوں میں لے جانا پڑتا ہے، جو برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے موسم میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ان وجوہات کی بنا پر ضروری ہے کہ ان ہسپتالوں میں مستقل بنیادوں پر کارڈیالوجسٹس اور دیگر ماہر ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں۔ دونوں اضلاع کے بڑے ہسپتالوں میں علیحدہ کارڈیالوجی وارڈز کے قیام کی بھی فوری ضرورت ہے تاکہ چترال کے بڑھتے ہوئے دل کے مریضوں کو طویل اور پُرخطر سفر سے بچایا جا سکے۔

چترال میں دل کی بیماریوں کے بڑھنے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مکمل اور جامع تحقیق کی ضرورت ہے۔ چترال میں بھی طرزِ زندگی میں تبدیلی، جسمانی سرگرمیوں کی کمی، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور بڑھتا ہوا ذہنی دباؤ دل کے امراض میں اضافے کی بڑی وجوہات میں شمار ہوتے ہیں۔ دل کے امراض کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم انتہائی ضروری ہے، کیونکہ یہ بیماریوں سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ جب طبی سہولیات محدود ہوں تو احتیاط اور بروقت آگاہی علاج سے بھی زیادہ اہم ہو جاتی ہیں۔ آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو ہارٹ اٹیک کی ابتدائی علامات کی پہچان سکھائی جا سکتی ہے تاکہ وہ تاخیر کیے بغیر ہسپتال پہنچ سکیں۔

چترال سے پشاور تک کا سفر طویل اور کٹھن ہے، خاص طور پر سردیوں اور برف باری کے موسم میں لواری ٹنل کے راستے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ اگر عوام کو بیماری کی ابتدائی علامات اور خطرات کا علم ہو تو وہ حالات بگڑنے سے پہلے مستند ڈاکٹر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے طرزِ زندگی اور خوراک میں تبدیلی، روزانہ واک، تمباکو نوشی اور نسوار سے پرہیز کی طرف بھی توجہ دلائی جا سکتی ہے۔ اسی طرح باقاعدگی سے بلڈ پریشر اور شوگر چیک کروانے کی عادت بھی ڈالی جا سکتی ہے۔

آگاہی مہم کے لیے سوشل میڈیا، مقامی اداروں، اسکولوں، کالجوں، مدارس، مساجد اور دیگر کمیونٹی سینٹرز میں ڈاکٹروں کے ذریعے عوام تک آگاہی پہنچائی جائے تاکہ چترال میں امراضِ قلب کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button