آیون سبزیات کی کاشت اور کاروبار کا ایک بزنس حب بن چکا ہے ،ریجنل کو آرڈینیٹر شفیق

چترال (نامہ نگار ) خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ (KP.RETP) پی ایم یو چترال کے ریجنل کو آرڈینیٹر شفیق اقبال اور بجٹ اینڈ فنانس آفیسر ناصر شاہ ، ایم اینڈ ای آفیسر عمر مقصود نے جمعرات کے روز آیون پی ایف سی او کی وزٹ کی ، دفتر کے قیام کے بعد یہ ان کا پہلا باضابطہ دورہ تھا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری محکم الدین نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے ایون پی ایف سی او کے دائرہ کار ، آیون کی آبادی ، زیر کاشت آراضی ، کماؤ فصل ، میوہ جات و سبزیات اور علاقے کی زرعی ،کاروباری اور سیاحتی اہمیت پر روشنی ڈالی ، اور اس امر کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بزنس ڈویلپمنٹ فنڈ کی دستیابی کی صورت میں ان قدرتی وسائل کو بزنس پلان کے مطابق بہتر استعمال کرکے کاروباری اہداف کے حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا ۔ کہ آیون سبزیات کی کاشت اور کاروبار کا ایک بزنس حب بن چکا ہے ، اسی طرح یہاں تازہ میوہ جات اور ڈرائی فروٹ کی مارکٹنگ کیلئے ایک بہترین مارکیٹ ہے ، کیونکہ دنیا بھر کے سیاح کالاش ویلیز جاتے اور آتے ہوئے اس گیٹ وے سے گزرتے ہیں ۔
ریجنل کوآرڈنیٹر KP.RETP یونٹ چترال شفیق اقبال نے اپنے خطاب میں مناسب مقام پر پی ایف سی او کے دفتر کے قیام اور علاقے کے بارے میں مکمل معلومات کی فراہمی کو سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال بھر کے تمام پی ایف سی آوز کو اس قسم کے پریزنٹیشن کی تقلید کرنی چاہئیے ۔ تاکہ علاقے کے وسائل ، درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل سمیت زرعی بزنس کو ترقی دی جا سکے ، انہوں نے کہا ۔ کہ پی ایف سی آوز کے فنڈ کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے ، کئی پی ایف سی آوز کو فنڈ مل چکے ہیں ، تاہم صوبے کے معروضی حالات کی وجہ سے بعض پی ایف سی آوز کے فنڈ عارضی طور پر بند کئے جا چکے ہیں ۔ بتدریج دیگر پی ایف سی آوز کو فنڈ جاری کئے جائیں گے ۔
بجٹ اینڈ فنانس آفیسر ناصر شاہ اور ایم اینڈ ای آفیسر عمر مقصود نے ادارے کے تمام ریکارڈ چیک کئے ۔ اور جانب پڑتال کے بعد اطمینان کا اظہار کیا ۔ تاہم مزید بہتری کیلیے متعلقہ اسٹاف کو ہدایات جاری کیں ،



