اپر چترال سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی HPV ویکسینیشن میں صوبے بھر میں پہلی پوزیشن پر

چترال / اپر چترال نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی HPV ویکسینیشن کوریج میں صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ تازہ ترین ضلعی اعداد و شمار کے مطابق اپر چترال 80 فیصد سے زائد ویکسینیشن کوریج کے ساتھ بہترین کارکردگی کی حامل اضلاع کی کیٹیگری میں سرفہرست ہے، جبکہ لوئر چترال بھی صوبے کے نمایاں اضلاع میں شامل ہے۔ یہ کامیابی محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، صحت کے عملے اور مقامی کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں سٹوڈنٹس سوسائٹیز، یونیورسٹی آف پشاور کے کنیکٹ ٹو چینج (C2C) انیشیٹو چترال ٹیم نے یونیسیف کے کنیکٹ ٹو چینج پراجیکٹ، ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ صحت اپر چترال کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول وریجون، ملکھو میں سروائیکل کینسر سے متعلق آگاہی اور HPV ویکسینیشن پروگرام کا انعقاد کیا۔
پروگرام کا مقصد دور دراز پہاڑی علاقوں میں بچیوں، ماؤں اور مقامی کمیونٹی کو سروائیکل کینسر، اس کے خطرات اور بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کرنا، ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں اور ہچکچاہٹ کو دور کرنا اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر طالبات، ماؤں اور کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ انٹرایکٹو سیشنز کے دوران ماہرین صحت اور طلبہ نے سروائیکل کینسر کی وجوہات، اس سے بچاؤ، HPV ویکسین کی افادیت، حفاظت اور بروقت ویکسینیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء کو ویکسین کے طریقہ کار اور اس سے متعلق عام خدشات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر الیاس احمد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ولی خان، لیڈی ہیلتھ ورکرز کوآرڈینیٹر حمیدہ یونس، سکول کے اساتذہ اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں احتیاطی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ضلع بھر میں جاری HPV ویکسینیشن مہم کے مقاصد سے آگاہ کیا۔
آگاہی پروگرام کے بعد محکمہ صحت کی EPI ٹیم نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ولی خان کی نگرانی اور یونیورسٹی آف پشاور کے طلبہ کے تعاون سے قریبی پرائمری سکولوں اور دو آؤٹ ریچ ٹیموں کے ذریعے اردگرد کی آبادیوں میں ویکسینیشن مہم چلائی۔ اس دوران ایک ہی دن میں مجموعی طور پر 105 بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔
یونیورسٹی آف پشاور کے رضاکار طلبہ نے پروگرام میں کمیونٹی کی شمولیت، آگاہی مباحثوں اور سرگرمیوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شرکت نوجوانوں کی قیادت اور معاشرتی سطح پر مثبت تبدیلی کے فروغ کی ایک نمایاں مثال ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی اور سکول انتظامیہ میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
اپر چترال کی صوبے بھر میں پہلی پوزیشن کو محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، صحت کے کارکنوں، تعلیمی اداروں، نوجوان رضاکاروں اور مقامی کمیونٹی کے باہمی تعاون کا ثمر قرار دیا گیا۔ پروگرام کے منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کمیونٹیز کو منسلک کرنے اور صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔



