193

یاسر اللہ شہید ایوارڈ کی تقریب اور تعزیتی ریفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی

چترال (نامہ نگار) چترال کے مقامی غیر سرکاری تنظیم ’’ چترال ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ ‘‘ کے زیر اہتمام چترال کے شہید طلبا ء کی یاد میں ایوارڈ شو کی سادہ مگر پروقار تقریب گذشتہ دنوں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے فیصل مسجد کیمس میں منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق CAEHکے زیر اہتمام ہونے والے اس تقریب کو حالیہ طیارہ حادثے کے واقعے کی وجہ سے نہایت سادگی کیساتھ منایا گیا۔ تقریب کے پہلے حصے میں طیارہ حادثے کے شہداء کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ کے علاوہ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیاجس ی صدارت معروف ماہر تعلیم شیر ولی خان اسیر نے کی جبکہ ڈاکٹر معیز الدین بہرام نے دعا کی۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اسے ایک ناقابل تلافی نقصان قراردیا۔ مقررین نے چترال کے لئے گرانقدر خدمات انجام دینے پر شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
CAEHکے زیر اہتمام ہونے والے تقریب کے دوسرے حصے میں مختلف امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے چترال سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو شہید طلباء کی یاد میں’’یاسراللہ شہید ایوارڈ ‘‘دئیے گئے۔اس تقریب میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بھی ایوارڈ دئیے گئے۔شعبہ تعلیم میں چترال کی گرانقدر خدمت کرنے والے افراد کو ’’ڈاکٹرعبدالقدیر خان‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ عطائے ایوارڈ تقریب کی صدارت سابق سیکرٹری خارجہ اکرم ذکی نے کی جبکہ نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اس تقریب میں رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم خان، سردار حسین اور بی بی فوزیہ سمیت چترال سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلکہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔ تقریب سے اکرم ذکی، ڈاکٹر عبدالقدیر، شہزادہ افتخار الدین، سلیم خان، سردار حسین ،بی بی فوزیہ اور CAEHکے سربراہ بہار احمد نے خطاب کیا۔
اعلیٰ تعلیمی خدمات پر تین اداروں آغا خان ایجوکیشن سروس، روز(ROSE) اور ایف ایل آئی کو ’’ڈاکٹر عبدالقادر خان ایوارڈ‘‘ دئیے گئے جبکہ چترال کی تاریخ میں شعبہ تعلیم کی نمایاں خدمت کرنے پر سابق مہتر چترال سر ناصر الملک اور سابق ریاستی وزیر تعلیم جناب شاہ کو بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایوارڈ دیا گیا ۔ سابق مہتر چترال کا ایوارڈ ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے وصول کیا۔ ماہرین تعلیم میں پروفیسر شمس النظر فاطمی، شیر ولی خان اسیر، جی ڈی لینگ لینڈ بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں