187

ایون کی وسیع آبادی کو نقصانات سے بچانے کیلئے فائر بریگیڈ کا ایک ذیلی یونٹ قائم کیا جائے ۔ویلج ناظم مجیب الرحمن

چترال ( محکم الدین ) ویلج ناظم یو سی ایون ون مجیب الرحمن نے صوبائی حکومت اور ضلع انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ کہ ایون کی وسیع آبادی کو نقصانات سے بچانے کیلئے فائر بریگیڈ کا ایک ذیلی یونٹ قائم کیا جائے ۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ۔ کہ یو سی ایون میں گذشتہ چند سالوں کے دوران آگ لگنے کے پندرہ سے زیادہ واقعات رونما ہوئے ۔ اور ان واقعات سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے ۔ چترال ہیڈ کوارٹر یوسی ایون سے فاصلے پر ہونے اور تنگ اور دشوار گزار سڑکوں کی وجہ سے آگ لگنے کی صورت میں فائر بریگیڈ کیلئے بر وقت موقع پر پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ اور کئی مرتبہ ایسے موقع پر مقامی لوگوں کی طرف سے آگ پر کنٹرول حاصل کرنے اور بڑے پیمانے پر نقصانات کے بعد فائربریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچتی ہے ۔ لیکن اُس وقت فائر بریگیڈ کی آمد کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا ۔ کیونکہ آگ اپنا کام کرچکا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یوسی ایون وسیع آبادی اور تینوں کالاش ویلیز پر مشتمل علاقہ ہے ۔ اس لئے یو سی ایون میں آئے روز آگ لگنے کے واقعات کو بر وقت کنٹرول کرنے کیلئے فائر بریگیڈ کے ایک ذیلی یونٹ کا قیام انتہائی ضروری ہو گیا ہے ۔ اس لئے ویلج کونسل ایون ون کے زیر نگرانی فائر بریگیڈ یونٹ قائم کیا جائے ، اور درکار ٹینکر اسٹاف اور سامان فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے صوبائی اور ضلعی حکو مت سے اس مطالبے کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں