190

خیبرپختلونخوامیں پن بجلی کے 356 چھوٹے منصوبوں کے تفصیلی ورک پلان اور پبلک سیکٹر منصوبوں

پشاور/وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبہ بھر میں توانائی کے منصوبوں کو ممکنہ حد تک کم سے کم مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مکمل شدہ منصوبوں کا افتتاح کرنے جبکہ چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکٹریٹ پشاور میں محکمہ انرجی اینڈپاور کے چوتھے سٹاک ٹیک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے تعلیم و توانائی محمد عاطف خان۔ چیف سیکریٹری عابد سعید، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد اعظم خان، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں، پیڈو اور خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو محکمہ توانائی کی ترجیحات، یتسرے سٹاک ٹیک اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد، گزشتہ چھ ماہ میں کیے گئے ترقیاتی اخراجات،منصوبوں کے نفاذ میں درپیش مسائل ، پن بجلی کے 356 چھوٹے منصوبوں کے تفصیلی ورک پلان اور پبلک سیکٹر منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کنٹریکٹرز کی استعداد کا جایزہ لینے کیلئے اسسمنٹ سٹڈی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے توانائی کے منصوبوں کیلئے چین کی صف اول کی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرنے اور ان کے ساتھ براہ راست ریٹ طے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ضرورت کی نبیاد پر آلات امپورٹ کرنے کی منظوری دی اور کہا کہ وسائل کا کارآمداستعمال یقینی ہونا چاہئے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے ساتھ زیرالتوا دو رن آف کینال منصوبوں کا مسئلہ جلد حل کرنے اور انسٹالیشن کیلئے محکمہ سے تحریری ضمانت لینے کی ہدایت کی تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہوں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں پن بجلی کے 356 چھوٹے منصوبوں میں سے 151 زیر تعمیر ہیں جبکہ مجموعی طور پر 310 منصوبوں کی فزیبلیٹی مکمل ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ 46 منصوبوں کی فزیبلٹی بھی بنائیں۔ جس ضلع میں بھی جگہ دستیاب ہو وہیں منصوبہ تعمیر کریں۔ توانائی کے منصوبوں کیلئے دستیاب وسائل کا استعمال یقینی بنائیں،و سائل ضائع نہیں ہونی چاہیں۔ پرویز خٹک نے آئندہ ماہ مارچ میں چین میں مجوزہ روڈ شو کیلئے ریوالونگ فنڈز کا انتظام کرنے اور روڈ شو کیلئے قابل عمل منصوبوں کی تیاری جلد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
دریں اثناء اجلاس کو خیبرپختونخو ا آئل اینڈ گیس کمپنی کے مختلف منصوبوں میں انوسٹمنٹ شیئر اور کرک اور ہنگو میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بھی بریفینگ دی گئی۔ کمپنی نے بعض منصوبوں میں کمپنی کے شیئر ڈھائی فیصد میں مزید اضافہ کرنے کی تجویز دی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضرورت کی بنیاد پر صرف اہم ترین تین منصوبوں میں انوسٹمنٹ شیئر بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بھاروتائی ، پہاڑ پور اور لکی کے ایکسپوریشن بلاکس میں سرمایہ کاری کی شرح میں اضافہ کی منظوری دی اور اس سلسلے میں پروپوزل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے صوبے میں گیس کی Seepage بند کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ پرویز خٹک نے کمپنی کو مکمل با اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ چیف سیکر ٹری دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر طریق کار وضع کرلیں۔ کمپنی کو ون لائن بجٹ دیں گے۔ وہ اپنے فیصلے خود کرنے میں با اختیار ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ضلع ہنگو اور کرک میں گیس انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کیلئے مطلوبہ رقم جاری کرنے کی بھی منظوری دی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں