219

صوبے میں صنعتکاری کیلئے آئیڈیل ماحول بنا دیا ہے۔ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے این او سی کی شر ط ختم کر دی گئی ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ

پشاور/وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہوں نے صوبے میں صنعتکاری کیلئے آئیڈیل ماحول بنا دیا ہے۔ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے این او سی کی شر ط ختم کر دی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کمرشل اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے۔ ون ونڈ و آپریشن کی سہولت دی جارہی ہے۔ صنعتی بستیوں میں گیس سے بجلی پیدا کرکے براہ راست صنعتوں کو دیں گے ۔ صنعتکار ازمک کے ساتھ مل کر اپنی غرض و غایت کلیئر کرلیں۔ سرمایہ کاری کے مجموعی عمل میں حکومت بھر پور تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاو رمیں چیئرمین جے ایس گروپ علی جہانگیر صدیقی اور اُن کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین ازمک غلام دستگیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے مختلف شعبوں میں تیز رفتاری سرمایہ کاری کے عمل کو سراہا اور متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخو اکو صنعتکاری کیلئے آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ صوبے میں صنعتکاری کو ترقی دینے کیلئے مقامی صنعتکار بھی آگے آئیں اور صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اُٹھائیں ۔ خیبرپختونخوا اب سرمایہ کاری کیلئے اوپن ہو چکا ہے۔ چین اور دیگر بیرونی ممالک سے سرمایہ کار صوبے کا رخ کر رہے ہیں۔ صنعتکاروں کی سہولت کیلئے آزاد اور بااختیار کمپنی ازمک موجود ہے۔ خیبرپختونخوا ہولڈنگ کمپنی بنانے پر لگے ہوئے ہیں۔ حالات بہتر ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی پیک کا مغربی روٹ 500 کلومیٹر مختصر ہے۔ گلگت سے چترال متبادل روٹ بھی سی پیک کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔ صوبہ افغانستان، واخان کے ذریعے وسطی ایشیاء سمیت پورے خطے کیلئے تجارتی سرگرمیوں کا حب بننے جارہا ہے۔ چین رشکئی صنعتی بستی کی ترقی اور چین سے صنعتوں کی ریلوکیشن کیلئے آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں