351

چترال کے سب ڈویژن مستوج میں کاغ لشٹ کے مقام پر چار روزہ جشن کا غ لشٹ شروع

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال کے سب ڈویژن مستوج میں کاغ لشٹ کے مقام پر چار روزہ جشن کا غ لشٹ شروع ہو گیا جس میں ضلع بھر سے کھیلوں اور تفریح کے شائقین ہزاروں کی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں جس کا انتظام ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کررہی ہے ۔ جشن کا باقاعدہ افتتاح ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ نے کی ۔ جشن میں پولو، کرکٹ ، فٹ بال اور ولی بال کے علاوہ چترال کے روایتی کھیلوں رسہ کشی، نشانہ بازی، بوڈی دک اور پہلوانی کے مقابلے شامل ہوں گے جن میں شائقین انتہائی دلچسپی کا مظاہر ہ کررہے ہیں۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چترال کی ضلعی حکومت چترال کی مخصوص ثقافت اور روایات کو جدید دور کی ثقافتی یلغار سے بچانے کے لئے ایک وژن رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کاغ لشٹ فیسٹول کو شندور فیسٹول کی طرح بھر پور توجہ ملے گی جوکہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور کئی صدیوں سے ریاست چترال کے حکمران اسے مناتے رہے ہیں۔ضلع ناظم نے اس موقع پر تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ کا غ لشٹ فیسٹول کو ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کیلنڈر ایونٹس میں شامل کیا جائے گا تاکہ اسے ہر سال سرکاری سرپرستی میں منایا جائے۔ضلع ناظم نے کہاکہ بعض حضرات اس وقت علاقے میں نان ایشوز کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں جوکہ درست رویہ ہر گز نہیں ہے اور یہ ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج محمد حیات شاہ بھی موجود تھے جس نے خطاب کرکے فیسٹول میں سب ڈویژنل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ مردم شماری اور پولیو کے خلاف مہم کے باوجود انہوں نے کا غ لشٹ فیسٹول کے کامیاب انعقاد کی طرف بھی توجہ دی۔ فیسٹول کے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیرمین فخر الدین اور ڈپٹی ڈی ای او ممتاز احمد نے بھی خطاب کیا۔ فیسٹول میں ضلع کے مختلف علاقوں سے شایقین کا غ لشٹ پہنچ کر خیمہ بستی بساکر جنگل میں منگل کاسماں پیدا کردیا ہے ۔ کا غ لشٹ تین وادیوں تورکھو، موڑکھو اور بیار کے سنگھم پر واقع ایک سطح مرتفع ہے جوکہ موسم بہار میں نہایت دلفریب نظار ے پیش کرتی ہے اور اس کے دونوں طرف بہتے ہوئے دریاؤں کے مناظر اور بھی دلکشی پیدا کرتے ہیں۔ فیسٹول کا احتتام 23اپریل کو ہوگا جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز ختک شریک ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں