پرنسپل اورلیکچرر گورنمنٹ ڈگری کالج بونی کے غیر قانونی تبادلوں کی شدید مذمت کرتے ہیں /قاضی فیصل

چترال(پریس ریلیز) پاکستان پیپلزپارٹی لوئرچترال کے جنرل سیکرٹری قاضی محمدفیصل نے ایک اخباری بیان میں گورنمنٹ ڈگری کالج بونی کے پرنسپل محمدکریم خان اور لیکچرر رحمت حاصل کے غیر قانونی اور غیر منصفانہ تبادلوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ تعلیمی ادارے ہمارے معاشرے کا سب سے اہم اور حساس شعبہ ہیں، جنہیں سیاسی مداخلت سے بالکل پاک ہونا چاہیے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں تعلیم جیسے مقدس شعبے کو بھی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ اُن تمام عناصر کی شدید مذمت کرتا ہوں جو اس طرح کے غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی اقدامات میں ملوث ہیں۔ یہ عمل نہ صرف اساتذہ کی تضحیک ہے بلکہ علاقے کے تعلیمی معیار اور طلباء کے مستقبل کے ساتھ بھی کھلواڑ ہے۔قاضی فیصل نے پی ٹی آئی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ ان غیر قانونی تبادلوں کے احکامات کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔تعلیم کو سیاست سے پاک رکھا جائے۔یہ معاملہ چترال کے عوام اور تعلیمی مفاد سے جڑا ہوا ہے، اسے سنجیدگی سے لیا جائے۔