مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو

مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہآج کے فیصلے سے حیرانگی نہیں ،افسوس ضرور ہوا،کچھ فیصلے عدالت کے ہوتے ہیں اور کچھ فیصلے عوام اور تاریخ کے ہوتے ہیں، آج بظاہر ہم ایک فیصلہ ضرور ہارے ہیں مگر دو جیتے ہیں، محمد نواز شریف تاریخ میں، سیاست میں اور عوام کی عدالت میں ہمیشہ سر خرو ہوئے ہیں، کوئی بھی وزیر اعظم ہو مگر نواز شریف عوام کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں، محمد نواز شریف کو وزیر اعظم کی کرسی کی ضرورت نہیں، وہ ایک حقیقت ہیں، ان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا نہ ہی ان کو عوام کی خدمت سے روکا جا سکتا ہے، فیصلے میں بھی ن لیگ کی قیادت پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نواز شریف کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا پاکستان کے عوام پہلے سے زیادہ تعداد میں اور پہلے سے زیادہ محبت کے ساتھ انہیں اقتدار میں واپس لائے، آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، پاناما کیس فیصلے کی تفصیلات دیکھیں گے، آئینی و قانونی ماہرین سے مشورہ کرکے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔جمعہ کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت پاناما کیس کے عدالتی فیصلے کی تفصیلات کو دیکھے گی،آئینی اور قانونی ماہرین سے مشورہ کر کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت پر عدالتی فیصلے میں بھی ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ اگر پاکستان کے سیاسی اور جمہوری پس منظر میں دیکھا جائے تو آج کے فیصلے پر حیرانگی نہیں ہوئی البتہ افسوس ضرور ہوا ہے،انہوں نے کہا محمد نواز شریف تاریخ میں، سیاست میں اور عوام کی عدالت میں ہمیشہ سر خرو ہوئے ہیں،انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کے کارکنوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی محمد نواز شریف کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا پاکستان کے عوام پہلے سے زیادہ تعداد میں اور پہلے سے زیادہ محبت سے انہیں اقتدار میں واپس لائے ۔انہوں نے کہا کہ 2013 ءسے اب تک جو بھی ہوا وہ سب عوام کے سامنے ہے، وہ دن دور نہیں جب محمد نواز شریف پاکستان کے چوتھی بار وزیر اعظم منتخب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم ہو لیکن عوام کے دلوں کے وزیر اعظم محمد نواز شریف ہی رہیں گے۔



