میاں صاحب فسادی اور سازشی ہوسکتے ہیں انقلابی نہیں،کے پی کے میں تعلیم صحت تباہ ہیں: بلاول بھٹوزرداری
مانسہرہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب فسادی اور سازشی ہوسکتے ہیں انقلابی نہیں۔چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ نے پچھلے دنوں جی ٹی روڈ پر تماشا دیکھا ہوگا اور میاں صاحب کا چیخنا چلانا بھی دیکھا ہوگا جب کہ آج کل میاں صاحب، انقلاب، ووٹ کی حرمت اور آئین کی بات کررہےہیں، اپنی تقرریوں میں لوگوں سے وعدے کروارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب، اپنا کتنا بھی چیخ لیں عوام آپ کے دھوکے میں نہیں آئیں گے کیوں آپ معصوم نہیں مجرم ہو اور آپ نے اس ملک کی دولت کو لوٹا ہے جب کہ آپ نے جھوٹ بولا اور جعلسازی کی، پھر کہتے ہو آپ کو کیوں نکالا گیا؟۔چیرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ انقلاب کا لفظ میاں صاحب کےمنہ سے اچھا نہیں لگتا کیوں کہ میاں صاحب آپ فسادی اورسازشی ہوسکتے ہیں انقلابی نہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مانسہرہ کے جلسہ عام میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور صوبائی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان خود شوکت خانم کی بات کرتے ہیں لیکن ان کی صوبائی حکومت نے سیاسی دشمنی میں نصرت بھٹو کینسر اسپتال کو بند کردیا جب کہ خان صاحب کو بیگم نصرت کے نام پراعتراض تھا تواس کا نام شوکت خانم رکھ دیتے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار جو تبدیلی لائےہیں وہ ہمیں معلوم ہے اور یہ پورے صحت کے نظام کی نجکاری کررہے ہیں جب کہ صحت کے پورے نظام کو خیبر پختون خوا میں تباہ کردیا گیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ جھوٹ بول رہےہیں کہ تعلیم کے شعبے میں انقلاب لے آئے ہیں اور عمران خان کہتے ہیں ایک لاکھ بچے پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں آئے ہیں لیکن اس سال سرکاری اسکولوں کے بد ترین نتائج آئے ہیں اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم پستی کی طرف جارہی ہے مگر ان کے لوگوں کے نجی اسکول ترقی پر ترقی کررہے ہیں۔چیرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ نیا خان ہرکسی پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں اور جب بھی اسٹیج پر آتے ہو لوگوں سے ایک نیا جھوٹ بولتے ہو جب کہ یہ کہتے ہیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایک سٹنگ منسٹر کو گرفتارکیا گیا لیکن یہ بتایا جائے کہ اس صوبائی وزیر نے آپ کے وزیراعلیٰ پر کیا الزامات لگائے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک وفاقی جماعت ہے اور ہر علاقے کی ترقی کا سوچتی ہے اور ہماری حکومت نے ہر شعبے میں کام کیا تاکہ خوشحالی آئے۔