پیپلز پارٹی کی مقبولیت،کارکنان کا اخلاص اور پارٹی قیادت کے ویژن سے متاثر ہوکرپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا/غلام محمد/فضل ربی
چترال(نمائندہ )پاکستان پیپلزپارٹی اپر چترال کے زیر اہتمام حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ناموار سیاسی شخصیات کو خوش آمدید کہنے کے لئے بونی کے ایک ہوٹل میں پی پی پی کارکنان کا پروقار اجلاس زیر صدارت امیر اللہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے جنرل سیکرٹری حمید جلال نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور نئے شامل ہونے والوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے کہا کہ اُنہوں نے پیپلز پارٹی کی مقبولیت،کارکنان کا اخلاص اور پارٹی قیادت کے ویژن سے متاثر ہوکرغیر مشروط طورپر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔جماعت اسلامی کو چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہونے والے چترال کے معروف سیاسی شخصیت انجینئر فضل ربی جان نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کو تعصبات اور علاقہ پرستی سے پاک ایک وفاقی اور غریب پرور پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چترال میں پیپلز پارٹی ایک ناقابل تسخیر قوت بن چکی ہے۔پارٹی کو چترال کے طول عرض تک پہنچانے کے لئے وہ اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائینگے۔تاکہ پی پی پی ایک مرتبہ پھر چترال میں ناقابل شکست جماعت بن سکے۔اس موقع پر کئی افراد نے دوسرے پارٹیوں کو چھوڑ کر پی پی پی میں شمولیت اختیار کی جن میں ناظم وی سی کوشٹ سید رضوان اللہ شاہ،اعجاز الرحمن کوشٹ،شکیل اختر نشکو،اسحاق جنرل کونسلرنشکواور زبیر نشکو شامل ہیں۔اس موقع پر حاضرین تقریب نے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کیا جس میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے تواسط سے پی پی پی کے اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا گیا کہ اپر چترال کے عہدہ داروں کا حال ہی میں الیکشن کے ذریعے چناؤ کیا گیا ہے اس کی جلد از جلدنوٹفکیشن جاری کی جائے تاکہ تنظیم سازی کامرحلہ جلد از جلدمکمل ہوسکے۔تقریب کے آخر میں صدر پی پی پی اپر چترال امیر اللہ نے پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اُنہو ں نے شراکاء محفل کا بھی شکریہ ادا کیا۔