Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کی کوششوں سے لوکل پرمٹوں پر سے پابندی اُٹھا لی گئی ہے؍رحمت الہی

چترال ( محکم الدین) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کی کوششوں سے لوکل پرمٹوں پر سے پابندی اُٹھا لی گئی ہے ۔ اب پرمٹوں کے اجراء کے بعد مقامی لوگ قانونی عمارتی لکڑی حاصل کر سکیں گے ۔ اسی طرح چلغوزے جمع کرنے اور اُن کی نقل وحمل پر جو پابندی محکمہ فارسٹ کی طرف سے لگائی گئی تھی وہ بھی ختم کردی گئی ہے ۔ اب چلغوزے جمع کرنے اور اُنہیں ضلع سے باہر لے جانے پرکوئی پابندی نہیں ہوگی ۔ تاہم چلغوزے کے کاروباریوں کو محکمہ فارسٹ کے قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے ۔ چترال میں گذشتہ آٹھ مہینوں سے عمارتی لکڑی کے پرمٹ کے اجراء پر پابندی سے مقامی لوگوں کو اپنے مکانات کی تعمیر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ اور اس پابندی کی وجہ سے 2015میں سیلاب اور زلزلے کی وجہ سے متاثر ہونے والے لوگ مکانات کی تعمیر کیلئے عمارتی لکڑی نہ ملنے کے سبب اب بھی کھلے آسمان تلے یا خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اب پابندی اُٹھنے کے بعد مذکورہ متاثرین اور نئی مکانات بنانے والے درخواست گزار عمارتی لکڑی حاصل کرنے کے قابل ہوں گے ۔ ضلع کونسل چترال اور دیگر مختلف فورم پر اس حوالے سے کوششیں جاری تھیں ۔ تاہم آٹھ مہینے بعد پابندی اُٹھالی گئی ہے ۔ چترال میں محکمہ فارسٹ کے علاوہ دیگر اداروں کی طرف سے عمارتی لکڑی کی قانونی نقل وحمل پر پابندی نے غریب لوگوں کو چھت کے نیچے زندگی گزارنے کے راستے مسدود کر دیے ہیں ۔ اور اس پابندی سے عمارتی لکڑی کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی ہے ۔ جو کہ عام چترالی باشندے کی دسترس سے باہر ہے ۔ لیکن افسوس کا مقام ہے ۔ کہ غریب چترالی باشندوں کا کوئی نہیں سوچتا ۔ بلکہ اس طبقے کو مزید تکلیف پہنچانے کی کوشش تمام سرکاری اداروں کی طرف سے کی جاتی ہے ۔ چترال کے جنگلاتی علاقے میں چلغوزے کی پیداوار پر ایک بڑی آبادی کا انحصار ہے ۔ جس پر محکمہ فارسٹ کی طرف سے پابندی کے سبب اُن کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے تھے ۔ اب پابندی اُٹھنے کے بعد غریب طبقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ممبر ضلع کونسل ایون رحمت الہی ، اور عوامی حلقوں نے ضلع نا ظم چترال حاجی مغفرت شاہ اور ڈی ایف او چترال کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور کہا ہے ، کہ پرمٹ پر پابندی سے مقامی لوگ انتہائی تکالیف سے دوچار تھے ۔ جس سے اُن کونجات مل جائے گی ۔ انہوں نے ڈی ایف او سے پُر زور اپیل کی کہ لوکل پرمٹوں کا اجراء بلاتاخیر کیا جائے ۔ تاکہ برفباری سے پہلے لوگ اپنی عمارات تعمیر کرنے کے قابل ہوسکیں ۔

Related Articles

Back to top button