آغاخان ہائی سکول میراگرام یارخون نمبر2 کو ہائر سکنڈری کا درجہ دینے کا فیصلہ، طلبہ وطالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
رپورٹ: کریم اللہ ….چترال سے 170کلومیٹر شمالی جانب واقع وادی یارخون کے گاوں میراگرام یارخون نمبر2 جہاں انتہائی دو افتادہ اور پسماندہ علاقہ ہے وہیں اس خطہ کے عوام کی تعلیمی دلچسپی اور نئی نسل کی کامیابیاں بھی نمایاں ہے ۔غربت وافلاس کے باوجود یہاں کےعوام اپنی اولاد کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ لوگوں کی اس علمی پیاس کو مدنظر رکھتے ہوئےآغاخان ایجوکیشنل سروس چترال کی جانب سے یارخون میراگرام میں آغاخان ہائی سکول کو ہائر سکنڈری کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔جس پرعوام اورطلبہ وطالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔اے کے ای ایس چترال اور علاقہ کے نمائندوں کا انتہائی اہم اجلاس میراگرام میں منعقد ہوا جس میں ادارے اور کمیونٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوگئےاورعنقریب دونوں فریقین کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہونگے۔ یارخون سے ہمارے نمائندے کے مطابق ہائر سکنڈری کلاسز کےآغاز کے لئے پہلے مرحلہ میں 31اسٹوڈنٹس کی ضرورت ہے ،اور آغاخان ہائی سکول کی موجودہ عمارت ہی میں شفٹ میں کلاسز شروع کردیا جائے گا جبکہ بہت جلد آغاخان ہائرسکنڈری سکول کےعمارت کی تعمیر پر بھی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس پیش رفت کے بعد علاقہ کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عمایدین علاقہ کا کہناہے کہ اس فیصلے سے جہاں لوگوں کو ان کی دہلیز پر جدید تعلیم کے مواقع میسر آئینگے وہیں علاقہ کے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملے گی ۔عوام نے اس فیصلہ پر جنرل منیجر آغاخان ایجوکیشنل سروس چترال خوش محمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے علاقے کے لئے بہت بڑی خدمت قرار دیا ہے ۔