ارندو کے عوام کی حالت زار پر رحم کھاتے ہوئے ان کی مزدوری اور زمین کے معاوضوں کو بے باق کرنے کے ساتھ ساتھ ارندو روڈ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے؍عمائدین کاپریس کانفرنس
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ویلج کونسل ارندو کے ناظم قاری عبدالامین نے بدھ کے روز ارندو کے دیگر معززین شاہ محمد ، قاری محمد یوسف اور رحمت اعظم کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ میرکھنی ارندو روڈ گزشتہ کئی سالوں سے ادھورا رہ جانے کی باعث اس روڈ پر سفر انتہائی تکلیف دہ بن گئی ہے جبکہ مقامی طور پر متعین چھوٹے ٹھیکہ داروں کو ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مزدوروں کواجرت نہیں ملی اور سڑک کی توسیع میں آنے والی زمینات کے مالکان بھی معاوضے کی ادائیگی کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ارندو پاک افغان بارڈر پر واقع ایک حساس علاقہ ہے جہاں سڑک کی سہولت نہایت ضروری ہے لیکن کئی سالوں سے اس سڑک پر نہ صرف کام کو بند کردیا گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے مجموعی طور پر کروڑوں روپے بھی واجب الاد ا رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر پشاور سے اپیل کی ہے کہ ارندو کے ہزاروں عوام کی حالت زار پر رحم کھاتے ہوئے ان کی مزدوری اور زمین کے معاوضوں کو بے باق کرنے کے ساتھ ساتھ ارندو روڈ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے ارندو ہسپتال میں اب تک ڈاکٹر کی عدم تعیناتی اور دوسری سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش تکالیف کا ذکر کیا اور کہاکہ سڑک کی خستہ حالت اور سات مختلف مقامات پر ناکے کی وجہ سے ان کو ایمرجنسی کی صورت میں قریب ترین ہسپتال دروش آنے میں بھی دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر چترال سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورہ ارندو کے دوران کئے گئے اعلانات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے علاقے کے سنگین مسائل حل کریں جن میں پینے کی صاف پانی کی شدید قلت بھی شامل ہے۔