Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

388میگاواٹ کےHydropower Projects یعنی پن بجلی کی پیداوارکے 10منصوبے فوری طورپرشروع کرنے کی منظوری

خیبرپختونخواحکومت نے نجی شعبے کے مالی تعاون سے388میگاواٹ کےHydropower Projects یعنی پن بجلی کی پیداوارکے 10منصوبے فوری طورپرشروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے جن سے صوبے میں240ارب روپے کی سرمایہ کاری آئے گی اورصوبے میں سستی بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔

توانائی کے سستے ترین ذرائع استعمال کرنے کے لئے Renewable Energyکے تحت ہائیڈل،سولر اور وائنڈپرفوکس کرتے ہوئے آئندہ پانچ سالوں کے لئے حکومت نے توانائی کی نئی پالیسی مرتب کرنے پر کام شروع کردیا گیاہے۔یہ انکشاف چیئرمین پیڈوبورڈ صاحبزادہ سعید احمد کی زیر صدارت پیڈوبورڈ آف ڈائریکٹرزکے23ویں اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ و توانائی انجینئرشکیل قادر خان،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ عدیل شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اکمل خٹک،انجینئرلطیف خان،عبداللہ شاہ،فواداسحاق،سعیدچغتائی اورعثمان رسول نے شرکت کی۔پیڈوبورڈ نے صوبے میں اپنے وسائل سے پن بجلی کے چارمنصوبوں سے پیداہونے والی 74میگاواٹ بجلی کی خریداری کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے اوربجلی کی خریداری کے معاہدے نہ ہونے پر NEPRAکی طرف سے وفاق کے متعلقہ اداروں سے وضاحت طلب کرنے پر اطمینان کا اظہارکیااورامیدظاہرکی کہ جلدہی ان منصوبوں کے باقاعدہ بجلی کی پیداوارکے معاہدے طے پاجائیں گے جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہوگی۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ18میگاواٹ پیہورپاورسٹیشن کےPower Purchase Agreementکے سلسلے میں بات چیت طے پاگئی ہے جس سے نئے معاہدے کے ساتھ ساتھ صوبے کو بقایاڈیڑھ ارب روپے اقساط میں اداکئے جائیں گے۔ اجلاس میں دیگرامورکے علاوہ پیڈوکے نئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکی تعیناتی،ملازمین کی اپ گریڈیشن،پراجیکٹ ملازمین کے سالانہ انکریمنٹ میں5فیصد اضافے،ملازمین کی تربیتی پالیسی کو ایچ آرکمیٹی میں لانے،ملازمین کے لئے ہیلتھ انشورنش اورادارے کے لئے O&Mسپیشلسٹ اورAuditایڈوائزر کی تقرریوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ وتوانائی شکیل قادرخان نے پیڈو ملازمین کے جائزمسائل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دی۔اجلاس کے آخرمیں چیئرمین پیڈوبورڈ صاحبزادہ سعید احمد نے ادارے کے متعلقہ افسران کو مالی اور انتظامی امور میں شفافیت لانے اورمزید بہتری کے لئے کام تیزکرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردارکیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے تبدیلی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنی تمام ترتوانائیاں صرف کی جائیں ۔

Related Articles

Back to top button