تعلیم اور کھیلوں کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعلق ہے؍ضلع ناظم مغفرت شاہ
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم اور کھیلوں کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعلق ہے جوکہ ایک دوسرے کے بغیر نا مکمل ہیں اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو بھی نصابی سرگرمیوں کے برابر اہمیت ملنی چاہئے کیونکہ یہ بات مسلم ہے کہ کھیل سے نہ صرف انسانی جسم کی نشونما پر مثبت اثر پڑتا ہے بلکہ اس کی شخصیت میں نکھار آجاتی ہے اور قوت برداشت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ گورنمنٹ کالج چترال میں سپورٹس ویک کی احتتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طلباء کو نصاب اور کھیلوں کے لئے متناسب وقت نکالنے کا اہتمام کرنا چاہئے جس کے ذریعے وہ وقت کا صحیح استعمال کرنا سیکھ سکتے ہیں اور ان کی روزمرہ کی زندگی میں ایک ترتیب آجائے گی جوکہ ان کے لئے ساری زندگی ایک زاد راہ کا کام دے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس ضرورت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے سکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی ترقی کو اولیت دی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکنہ قدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کئے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر افضل الدین نے اس موقع پر خطاب کیااور کالج کی کارکردگی پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چترال کی اس قدیم درسگاہ نے نہ بورڈ اوریونیورسٹی کے امتحانات میں نمایان نتائج دی ہے بلکہ کھیلوں کے مقابلوں میں بھی اس کالج کے طلباء نے اپنا جوہر منوا لیا ہے۔