خیبر پختونخوا: تعلیمی بورڈزملازمین کی ہڑتال کےباعث انٹر میڈیٹ کے امتحانات ملتوی
خیبر پختونخوا میں تعلیمی بورڈز کے ملازمین کی کئی روز سے جاری ہڑتال کے باعث بیس اپریل سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کے ملازمین دو ہفتے سے مطالبات منوانے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے انتظامات بروقت پورے نہ ہونے کی بناپر صوبہ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، چیئرمین تعلیمی بورڈ پشاور ڈاکٹر فضل الرحمان کے مطابق ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے امتحانی پرچہ جات، اسٹیشنری کی ترسیل اور دیگر ضروری اقدامات بیس اپریل تک ممکن نہیں۔ پشاور بورڈ کے ساتھ ایف آر پشاور، خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور چترال کے امتحانی سینٹرز بھی منسلک ہیں جہاں امتحانی سامان کی ترسیل تاحال مکمل نہیں ہوئی جس کی وجہ سے 20 اپریل سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دئے گئے ہیں،دریں اثناء ہڑتال میں شامل ملازمین کے نمائندوں نے اسلام آباد میں سپیکرپختونخوااسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی،سپیکر پختونخوا اسد قیصر کے نے بورڈ ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات دور کیے بنا بل صوبائی اسمبلی میں پیش نہیں کیا جائے گا، سپیکر پختونخوا امسبلی کی یقین دہانی کے بعد بورڈ ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔