تحقیق کے میدان میں یونیورسٹی آف چترال کااعزاز:پہلاریسرچ جرنل منظرعام پرآگیا

ونیورسٹی آف چترال نے ریسرچ کےشعبے میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے اور یونیورسٹی کے زیر اہتما م جرنل آف ریلیجس سٹڈیز کے نام سے پہلا ریسرچ جرنل منظرعام پر آگیا ہے ۔ جس میں پاکستان سمیت ہالینڈ ، برطانیہ، ملائشیا اوراردن کے جامعات سے تعلق رکھنے والے تقریباً پچپن ممتاز پروفیسرز،محققین اور ریسرچ سکالرز نے اپنی تحقیقات شا ئع کی ہیں۔
اس سلسلے میں یونیورسٹی آف چترال کے پبلک ریلیشن آفس سے جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق چیف ایڈیٹراور پروجیکٹ ڈایریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری کا کہنا تھا کہ جرنل کا بنیادی مقصد بین المذاہب مکالمے کا فروغ اوردینی علوم میں عصری آگہی کو پروان چڑھانا اور فکری جمود کا خاتمہ کرنا ہے ، نیز دورحاضر کے علمی ودینی مسائل کے حوالے سےآزادانہ، منصفانہ اورغیر جانبدارانہ بحث ومباحثہ کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ چترال جرنل آف ریلیجیس سٹڈیز کے ذریعے معاشرے میں سیاسی، سماجی، اقتصادی اور اخلاقی شعور اُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرئے گا اوربنی نوع انسان کومذہبی شعور بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کا درس بھی دے گا تاکہ تکثیریت پر قائم ایک پرامن عالمی معاشرہ وجود میں آسکے۔
ایڈیٹر ڈاکٹر ضیاءالحق کے مطابق جرنل آف ریلیجیس سٹڈیزاردو، ربی اورانگریزی کے تین حصوں پر مشتمل ہےاور ریسرچ پیپرز کا انتخاب خالص میرٹ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہےاورآرٹیکلز کے چناو میں قومی وبین الاقوامی ممتاز پروفیسرز اور محققین کی مدد لی گئی ہے۔ شائع ہونے والے آرٹیکلزنہ صرف تحقیقی، تخلیقی اور فنی صفات کے حامل ہیں بلکہ عصر حاضر کی جدید ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات و واقعات کی مکمل ترجمانی بھی کرتے ہیں،ملکی وبین الاقوامی سطح پرعلمی حلقوں میں جرنل کی اشاعت کی بہت حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ,ان کے مطابق جرنل کی اشاعت کی منظوری کے ساتھ ہی قومی وبین الاقوامی تحقیقی اداروں سے سینکڑوں ریسرچ پیپرز مجلہ کے ادارتی عملے کو موصول ہوئے جن میں محتاط انداز میں چھان بین اور ادارتی مشاورت کے بعدپہلے دو شماروں کے لیے ۲۸ ریسرچ پیپرز کو ہائر ایجوکیش کمیشن (HEC)کے معیار کے مطابق Plagiarism کے جدید سوفٹ وئیر سے گزار کر پیرریویو (Peer-Review کے بعد اشاعت کے لیے چنا گیا ہے ۔ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرنل آف ریلیجیس سٹڈیز ایک Open Access جرنل ہے لہذا افادہ عام کی غرض سے تمام ریسرچ پیپرزکو یونیورسٹی کے ویب سایٹ (www.jrs.uoch.edu.pk) پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے ۔ جہاں سے مطلوبہ ریسرچ آرٹیکلز کو فری ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جرنل آف ریلجیس سٹڈیز پہلا قومی جرنل ہے ،جسے ریفرنسنگ اور سائٹیشن کے لیے crossref.org سمیت متعدد بین الاقوامی ریسرچ نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے اورانٹرنیشنل کاپی رائیٹس لائس (CC BY 4.0) کے ساتھ شائع کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ یونیورسٹی چترال کے دیگر شعبہ جات کے ریسرچ جرنلز بھی اشاعت کے آخری مراحل میں ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں مزید ریسرچ جرنلز منظرعام پر آجائیں گے۔



