چترال میں گذشتہ رات سے مختلف مقامات اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے ۔ جس سے سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ چترال کی کالاش ویلیز, تورکہو , موڑکہو ۔ تریچ , بروغل میں برفباری دوسرے مقامات کی نسبت زیادہ رہی ۔ تاہم چترال شہر میں برف باری ہوتے ہوتے رہ گئی ۔ لیکن سرد ہواؤں نے بھر پور اپنا اثر دیکھایا ۔ اور زیادہ تر لوگ سردی سے بچنے کیلئے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ۔ ادھر اپر چترال کے بالائی علاقہ بروغل میں برفباری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بروغل کی آمدورفت معطل ہو چکی ہے ۔ اور لوگوں کو خوراک کے حصول میں مسائل کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ سردی سے بچنے کیلئے چترال میں جلانے کی لکڑی واحد ذریعہ ہے ۔ کیونکہ بالائی چترال میں لوگوں کو کئی دنوں سے مسلسل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے ۔ اور دوسری طرف بجلی کے جو بل صارفین کو بھیجے جارہے ہیں ۔ وہ عام لوگوں کی برداشت سے باہر ہے ۔ اس لئے سوختنی لکڑی پر ہی اکتفا کیا جا رہا ہے ۔ لیکن برفباری اور سردی میں لکڑی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ اور اپنی مرضی کے ریٹ پر فروخت کئے جارہے ہیں ۔ جس کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ عوامی حلقوں نے جلانے کی لکڑی کی قیمت کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
244