401

دومادومی کے مقام پر بونی کیلئے ایس آر ایس پی بجلی گھر کی تکمیل کا دورانیہ 9 ماہ تھا،مگر 3 سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے/سردارحکیم/پرویزلال

بونی (نامہ نگار)ممبرتحصیل کونسل یوسی چرون سردارحکیم اوروی سی ناظم بونی محمدپرویزلال نے ایک اخباری بیان میں کہاہے کہ دومادومی کے مقام پر بونی کیلئے ایس آر ایس پی بجلی گھر تقریباً 3 سال پہلے 4 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا اور اس کی تکمیل کا دورانیہ 9 ماہ تھا۔ اب 3 سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ ایس آر ایس پی حکام کے مطابق یہ منصوبہ مکمل ہے لیکن درحقیقت یہ منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہے۔ 4 کروڑ کی بجائے اب تک اس منصوبے پر تقریباً 11 کروڑ کی خطیر رقم خرچ ہو چکی ہے جسکا اعتراف خود ایس آر ایس پی حکام 23 نومبر 2018 کو ڈی سی آفس چترال میں کرچکے ہیں۔ تاحال اس بجلی گھر کی ٹرانسمشن لائن تک نہیں بچھائی گئی ہے۔ پاور ہاوس کا نہر اور ہیڈ انتہائی ناقص ہیں اور ابتک دو دفعہ مرمت ہونے کے باوجود ضروری معیار کے مطابق نہیں ہے۔ متعلقہ حکام سر توڑ کوشش سے اسی غیر معیاری سیٹ اپ سے 2 دفعہ ٹیسٹ کرچکے ہیں جو کہ مکمل طور پر ناکام ہے اور یہ بجلی گھر موجودہ حالت میں بونی کی 50 فیصد آبادی کو بھی بجلی فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ھے۔ صوبائی حکومت کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے، اور عوام سے نشاندہی کی بھی چاہتی ہے۔ اس منصوبے میں کرپشن کی بارہا نشاندہی کی جاچکی ہے مگر تاحال اس منصوبے کی حکومتی سطح پر آڈٹ نہیں کی گئی۔ عوام بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ چکی ہے۔ لہذا متعلقہ حکام سے گزارش ہے کہ اس بجلی گھر میں تکنیکی خرابیوں کو دور کرکے بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں، بصورت دیگر عوام بونی تحریک حقوق عوام کے پلیٹ فارم سے شدید احتجاجی مظاہرہ کریگی جسکی تمام تر ذمہ داری ایس آر ایس پی اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں