Skip to content
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) کھوار کے سینئر شاعر اور انجمن ترقی کھوار چترال کے سینئر نائب صدر صادق اللہ صادق کے شعری مجموعہ “ہردی پھت”کی تقریب رونمائی ہفتے کے روز ٹاﺅن ہال میں منعقد ہوئی جس میں معروف ماہر تعلیم اور ادیب مکرم شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ شعبہ جغرافیہ پشاور یونیورسٹی کے سابق چیرمین پروفیسر اسرار الدین نے صدارت کی اور کے پی بار کونسل کے رکن عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ اعزازی مہمان تھے۔ کتاب پر تبصرہ کرنے والوںمیںشہزادہ تنویر الملک، صالح ولی آزاد، ظہیرالدین، ظفر اللہ پرواز، محمد یوسف شہزاد، عنایت اللہ اسیر، زاکر محمد زخمی اور دوسرے شامل تھے جنہوں نے صادق اللہ c
صادق کی شعری معیار کو سراہتے ہوئے کتاب میں شامل اشعار کو معیار کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی شاعری ہجرووصال سے آگے بڑھ کر حالات حاضرہ سے متعلق مضامین اور امور کو اپنے اندر سمویا ہوا ہے اور معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لئے اس میں خطیر خواہ مواد موجود ہے ۔ اس موقع پر اپنی خطاب میں پروفیسر اسرار الدین نے کہاکہ کھوار نثر کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ کھوار شاعری پر بہت کام ہوچکاہے ۔ انہوںنے کھوار زبان وادب کی ترقی کے لئے کھوار اکیڈیمی کا قیام، کھوار کلچر کو مختلف زبانوں میں تحریروں کے ذریعے ضلعے سے باہر متعارف کروانے اور کھوار رسم الخط کے لئے ایک معیاری پیمانے مقرر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پروفیسر اسرا رالدین نے صادق اللہ صادق کی شاعری کی مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی مکرم شاہ نے کتاب میں شامل اشعار پر تفصیلی بحث کرتے ہوئے کہاکہ ان میں جہاں معاشرتی برائیوں کا ذکر ہوا ہے تو وہاں پر عالم اسلام میں مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار ہونے اور مسلم امہ کی یکجہتی کا درس بھی ملتا ہے ۔ عبدالولی خان عابد نے کھوار شاعروں اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی
پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جب تک ہم خود اس کام کا بیڑا نہیں اٹھاتے اور کھوار زبان میں زیور طبع سے اراستہ ہونے والی کتابوں کو خریدنے اور پڑھنے کا اہتمام نہیں کریں گے تو ادب کی ترقی کا خواب شرمند ہ تعبیر نہیں ہوگا۔ اس تقریب کا اہتمام انجمن ترقی کھوار نے کیا تھا ۔
اگر آپ کو کسی مخصوص خبر کی تلاش ہے تو یہاں نیچے دئے گئے باکس کی مدد سے تلاش کریں