آغاخان ہائیرسیکنڈری سکول سین لشٹ چترال میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بابرکت دن کی مناسبت سے محفل نعت خوانی کااہتمام

چترال(ڈیلی چترال نیوز)آغاخان ہائیرسیکنڈری سکول سین لشٹ چترال میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بابرکت دن کی مناسبت سے محفل نعت خوانی کااہتمام کیاگیا۔اس پرورونق محفل کے مہمان خصوصی ممتازعالم دین شاہی خطب شاہی مسجدچترال مولاناخلق الزمان اورصدر محفل معروف اسکالرڈاکٹرمیربائض خان تھے۔ محفل کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،اس پروقار تقریب میں سرکاری اورغیرسرکاری سکولوں کےگیارہ سے زائدطلباء وطالبات نے نذرانہ رسول میں عقیدت کے پھول نچھاورکیے۔نعتیہ مقابلے میں شایان الرحمن گورنمنٹ ہائی سکول بلچ،مظہراللہ الخدمت سکول چترال،فیضان خان ایف سی پی ایس سکول چترال ،شاہ سفیرالدین گورنمنٹ سینٹینل ماڈل ہائی سکول چترال ،انارہ احمد مذہبی سنٹر جماعت خانہ سین لشٹ،آفاق احمددرالعلوم شاہی مسجد چترال ،مناہل سرور گورنمنٹ مڈل سکول سین لشٹ ،احانہ سلطان اورجوڑی اے کے ایچ ایس ایس جے سی ڈی ،مصباح السلام ،یاسین ،فرداد،عیدالحسین اورعلی اظہرآغاخان ہائیرسیکنڈری سکول سین لشٹ نے حصہ لیا۔ اس بابرکت تقریب سے مولاناخلق الزمان،ڈاکٹرمیربائض خان ،مولاناسلامت اللہ،پریذیڈنٹ ریجنل کونسل لوئرچترال ظفراحمد،پرنسپل سکول ہذا طفیل نواز اوردوسروں نے خطاب میں طلبہ وطالبات کو رسول اکرم ؐ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرنے او راس سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اسوہ رسولؐ کی پیروی ہمارے لئے دنیاوی اوراخروی نجات کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آپﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی ۔حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپﷺ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت ومحبت کی مجسم تصویر ہے۔ آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔مقریرین نے کہاکہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ دین اسلام میں خواتین کو مکمل حقوق دیئے گئے ہیں۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔نبی کریمؐ نے خواتین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی تلقین کی ہے۔نبی پاک ؐ کی لاڈلی بیٹی خاتون جنت حضرت بی بی فاطمہ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حیات پاک خواتین کے لئے بہترین نمونہ ہے۔اس نعتیہ مقابلوں میں شرکت کرنے والے طلباء وطالبات کو تعریفی اسناد اورانعامات سے نوازاگیا۔