251

مولانا صرف تنخوا کیلئے قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے مستعفی ہوجائے ..پی ٹی آئی رہنماعبداللطیف

چترال/ عبدالاکبرچترالی اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے ڈرامہ بازی کرنا بند کر دے‘ اسمبلی میں درجنو ں افراد سیاسی لوٹا بننے کے لئے تیارہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت ان کو گھاس نہیں ڈالتی، تو عبدالاکبر چترالی کی اکیلی سیٹ کے ساتھ کس کھاتے میں شمار ہوتی ہی ہے‘ اگر مولانا کی بات اسمبلی میں نہیں سنی جاتی تو صرف تنخوا کیلئے قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے مستعفی ہوجائے۔ ان خیالات کااظہار تحریک انصاف چترال کے سینئر رہنماء عبداللطیف نے ایم این اے عبدالاکبر چترالی کے حالیہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ عبدالاکبر چترالی کی جھوٹ کا پول وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اسی دن کھول دیا جب وہ پریس کانفرنس کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی میں جن منصوبوں کو شامل کیا تھا ان پر جلد عملی کام کا آغاز ہونے والا ہے‘ جن میں چکدرہ چترال روڈ، چترال بونی مستوج، شندور روڈ، چترال بمبوریت اور چترال گرم چشمہ روڈ شامل ہیں لیکن مولانا عبدالاکبر کو شاید یہ بھی معلوم نہ تھا کہ یہ منصوبے کس مرحلے میں ہیں اس لئے وہ الزام تراشی اور بہتان تراشی کے ذریعے اپنا الو سیدھا کرنے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ چترال کے مسائل اور فنڈنگ کے حوالے سے موصوف کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ تحریک انصاف کے ورکرز اپنے مسائل حکومت تک پہنچانے اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے عبدالاکبر چترالی کو مشورہ دیا کہ وہ جس ایجنڈے کی بنیاد پر ووٹ لے چکے ہیں اسمبلی میں وہ کام جاری رکھیں اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرتے رہیں علاقے کی ترقی نہ انکا سیاسی ایجنڈا رہا ہے اور نہ ہی وہ اس حوالے سے کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں قوم کو نماز جمعہ کے خطبوں اور نماز جنازہ پڑھانے کے نام پر بلیک میل کر کے ووٹ حاصل کرنے کے بعد اس طرح کی بے تکی باتیں کرنا ان کو زیب نہیں دیتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں