250

ایس آر ایس پی کی طرف سے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں کووڈ آئسولیشن وارڈ کے قیام کیلئے طبی آلات فراہم کر دیئے گئے

چترال(نامہ نگار) سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے پاٹرپ پراجیکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال میں کووڈ آئسولیشن وارڈ کے قیام کے لئے لاکھوں روپے مالیت کے طبی سامان فراہم کردئیے۔ ڈپٹی کمشنر چترال حسن عابد نے ایس آر ایس پی پاٹرپ کے پراجیکٹ منیجر انجینئر خادم اللہ کی معیت میں طبی آلات و دیگر سامان ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ کے حوالے کئے۔ ڈی سی چترال (لوئر) نے ادارے کی طرف سے فراہم کئے جانے والے سامان کا معائنہ کیا اور ہسپتال کے ایم ایس نے آلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ان سامان کی فراہمی سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کووڈ 19-سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حسن عابد نے ہسپتال کے لئے ضروری آلات اور دیگر سامان فراہم کرنے پر ایس آر ایس پی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آر ایس پی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔
ایس آر ایس پی کی طرف سے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں کووڈ آئسولیشن وارڈ کے قیام کے لئے فراہم کئے جانے والے طبی آلات اور دیگر سامان میں 12عدد بیڈز، 5کارڈئیک منٹر، ایک عدد ای سی جی مشین، الٹراساؤنڈ مشین، 15عدد آکسیجن سیلنڈر اور انکے متعلقہ سامان، 3عددکریش چارٹ،6عدد سکشن مشین، 8عدد انفیوژن پمپ،3عدد CPAP، 3عدد BIPAP، ایک عدد الیکٹرانک انلائزر اور دیگر سامان شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں