352

دی اویر کی واحد ہسپتال بی ایچ یو شونگوش کی حالت زار کی طرف توجہ دی جائے جس کے تمام کمرے مسمار ہوگئے اسلام اکبر الدین ایڈوکیٹ

چترال (نمائندہ ) یونین کونسل اویر اپر چترال کے سابق ناظم اسلام اکبر الدین ایڈوکیٹ نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وادی اویر کی واحد ہسپتال بی ایچ یو شونگوش کی حالت زار کی طرف توجہ دی جائے جس کے تمام کمرے مسمار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ سال یہاں تعینات ہونے والا میڈیکل افیسر بھی بونی منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے اس ہسپتال کے مخدوش حالت کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی باربار کوشش کی جاتی رہی لیکن کوئی بھی ٹس سے مس نہیں ہوا جس کے نتیجے میں تمام کمرے ایک ایک کرکے زمین بوس ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ ہزار سے ذیادہ گھرانوں پر مشتمل وادی اویر کے عوام علاج معالجے کے سلسلے میں سخت تکلیف میں مبتلا ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پسماندہ علاقے کے عوام کو بیماری کی صورت میں قدیم زمانے کی طرح بے علاج مرنے کے سوا اور کوئی گنجائش نہیں ہے جن کے پاس ہر چھوٹی بڑی بیماری کی علاج کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جانے کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں ہے اور علاقے میں غربت کا صورت حال یہ ہے کہ بمشکل پانچ فیصد اس کی مالی استطاعت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بی ایچ یو شونگوش کی عمارت کی فوری طور پر بحالی اور ڈاکٹر سمیت ڈینٹل ٹیکنیشن اور دوسرے عملے کی فوری تعیناتی سمیت ضروری ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر صحت سے اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں