300

حکومت کا پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز 28اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول 28اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارتنیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی) میں وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت سمیت این سی او سی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں جماعت تک کلاسز کو 28 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مزید فیصلہ 28 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعدوفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے بریفنگ دیتےہوئے کہا کہ جو ضلع متاثر ہیں وہاں اسکولوں میں پہلی سے 8 ویں تک کلاسز نہیں ہوں گی،یہ صوبوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ کہاں اسکول بند کرنے ہیں یا نہیں۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ملک کا ہر ضلع کورونا سے متاثر نہیں ہے اس لئے جو اضلاع متاثر ہیں وہاں پہلی سے 8ویں جماعت تک اسکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ 28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ اسکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے اسکولز کھولے جائیں،کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک بھر میں 19 اپریل سے 9ویں،10، 11 اور 12 جماعتوں کے طالب علم تعلیمی اداروں میں سخت ایس اوپیز کے تحت آسکتے ہیں تاکہ وہ امتحانات کی تیاری کرسکیں، تاہم زیادہ کیسز سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔

امتحانات سے متعلق وزیر تعلیم شفقت محمود نےاعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9ویں سے 12ویں تک امتحانات لازمی ہوں گے ،طالب علم امتحانات کی تیاری کریں، 40 لاکھ بچوں کے 9ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ امتحانات 24 مئی سے پہلے نہیں ہوں گےاور امتحانات سخت ایس او پیز کے ساتھ منعقد کےک جائیں گے۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں بھی داخلوں کو آگے کرنے کا کہا ہے کیونکہ امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو نتیجہ بھی تاخیر سے آئے گا، بورڈ اور ہائرایجوکیشن کمیشن اس معاملے پر بات کرکے فیصلہ کریں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک بھر میں اے لیول اور او لیول کے امتحانات اپنے وقت پر شیڈول کے مطابق ہوں گے، ملک میں ایسے طلبہ کی تعداد کم ہے جو یہ امتحانات دے رہے ہیں اس لئے یہ طلبہ اپنے امتحانات کی تیاری جاری رکھیں ،کیمبرج نے کہا ہے کہ وہ مکمل ایس او پیز کے ساتھ امتحانات کا انعقاد کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں