271

پی ٹی آئی حکومت اپنی روز اول سے ملک کی معیشت کو بحال کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا

چترال (نمائندہ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی روز اول سے ملک کی معیشت کو بحال کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیااور اس سلسلے میں سیاسی طور پر مشکل فیصلے بھی کرنے پڑے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے کسی مشکل کی پروا کئے بغیر آگے بڑھے اوراسی کے بدولت آج چترال جیسے پسماندہ علاقوں کے لئے ترقی کی میگاپراجیکٹ لارہے ہیں اور چترال میں اکنامک زون کا قیام بھی اس بڑے منصوبہ جات میں شامل ہے جس سے علاقے میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں انڈسٹریز کی ترقی کے لئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دے کر اسے عملی جامہ پہنایا جارہا ہے اور خیبر پختونخوا میں کئی مقامات پر اکنامک زون کاقیام ایک تاریخی کام ہے اور کم وقت میں اس رفتار سے انڈسٹریل اسٹیٹ کا بننا اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈسٹریز کی ترقی وفروع کے لئے ایسے پاؤر پراجیکٹوں پر کام کررہے ہیں کہ بجلی سستی نرخ پر انڈسٹریز کو مہیا ہوسکے جبکہ ماضی کی حکومتوں نے اپنی کمیشن کی خاطر مہنگی داموں پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سولرائزیشن کے ذریعے بھی بجلی کی بحران پر قابو پانے کے منصوبے زیر عمل ہیں جبکہ سستی بجلی کی فراہمی سے جنگلات کی کٹائی کو بھی روکا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صوبائی کوارڈینیٹر اور چترال چیمبر آف کامرس کے بانی صدر سرتاج احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے صنعت وحرفت کے شعبے میں درپیش مسائل کو تفصیل سے ذکرکیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیاکہ چترال کو لاوی پراجیکٹ سے رعایتی نرخ پر گھریلواستعمال کے لئے بجلی فراہم کی جائے جس کی فی یونٹ مالیت اس کی پیدوار کے لاگت کے برابر ہو۔ انہوں نے کہاکہ یہاں جنگلات کو کٹنے سے بچانے کے لئے یہی ایک حل ہے ورنہ جنگلات کو ایندھن کے طور پر استعمال سے کاٹنے سے کسی کو روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے اکنامک زون کے قیام اور ارندو اور گبور کے شاہ سدیم میں سرحدات کو تجارت کے لئے کھولنے کے لئے اقدامات میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ نے چترال میں پیڈو پراجیکٹ کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے فیزٹو پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی وزیر زادہ، پیڈو کے چیف ایگزیکٹیو نعیم خان، پیڈو پراجیکٹ کے پراجیکٹ ڈائرکٹر کرنل (ریٹائرڈ) محمد شاہد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نیاز اے نیازی، چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین اور چیمبر آف کامرس کے نائب صدر لیاقت علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں