239

پولیو خاتمہ کے لئے ضلعی کمیٹی (ڈپیک) چترال کے غیر معمولی اجلاس میں 20ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو ویکسینشن مہم کی تیاریوں اور گزشتہ مہم کا جائزہ لیا گیا

چترال(نمائندہ ) پولیو خاتمہ کے لئے ضلعی کمیٹی (ڈپیک) چترال کے غیر معمولی اجلاس میں 20ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو ویکسینشن مہم کی تیاریوں اور گزشتہ مہم کا جائزہ لیا گیا جس میں ارندو ، چترال ٹو، شیشی کوہ، ایون اور بروز کے یونین کونسلوں میں سوفیصد کوریج نہ ہونے کی وجہ ناقص مارکر قرار دئیے گئے جن کی سیاہی فوری طور پر مٹ جانے کی وجہ سے مانٹیرنگ ٹیموں نے انہیں غیر ویکسین شدہ قرار دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال حسن عابد کی صدارت میں منعقد ہ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹرای پی آئی ڈاکٹر فرمان نظار نے اجلاس کو بتایاکہ لویر چترال میں گھرانوں کی تعداد 38827جبکہ ٹارگٹ پاپولیشن 44512ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ارندو یونین کونسل میں ویکسنینش ٹیم میں جوابدہ سرکاری افراد دستیاب نہیں ہیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ عمر فاروق کنڈی کے سوا ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر لویر چترال اور ڈی پی او  سمیت کسی بھی سرکاری محکمے کا ضلعی ہیڈ موجود نہ تھا ۔ اجلاس میں مائیکروپلان اور سیکورٹی پلان سمیت دوسرے امور زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر ڈی سی چترال لویر حسن عابدنے کہاکہ پولیو مہم کو مکمل طور پر مربوط نظم کے ساتھ چلانے کی ضرورت ہے جس میں کسی غلطی کی گنجائش نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ایک قومی ایمرجنسی ہے جس  کے خاتمے کے لئے انتہائی خلوص نیت اور سنجیدگی سے قدم لینے کی ضرورت ہے تاکہ وطن عزیز بھی ان ممالک کی صف میں فخر کے ساتھ کھڑا ہوسکے جہاں اس موذی مرض کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے امیونائزیشن افیسر ڈاکٹر سلیم سیف اللہ خان  ، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا فضل مولیٰ ، ایڈیشنل اے سی حفیظ اللہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں