360

محمد حسین نامی شخص سے گبور کے عوام کو نجات دلائی جائے جوکہ نہ صرف علاقے میں دہشت کی علامت بن چکے ہیں/قاضی فضل مولیٰ کاپریس کانفرنس

چترال (شاہ مراد بیگ سے) لٹکوہ گبور بخ کے رہائشی قاضی فضل مولیٰ نے وزیر اعظم، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور کورکمانڈر پشاور سے اپیل کی ہے کہ محمد حسین نامی شخص سے گبور کے عوام کو نجات دلائی جائے جوکہ نہ صرف علاقے میں دہشت کی علامت بن چکے ہیں بلکہ سرکاری ڈسپنسری، چیک پوسٹ اور سرکاری سکول کی زمین کو فروخت کردیا ہے اور یہاں تک سرکاری سڑک پر اس شخص نے قبضہ جما کر اسے اپنے استعمال میں لایا ہے۔ ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوٹ کوہ سے ضلع کونسل کے سابق ممبر محمد حسین کے ہاتھوں گبور کے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اور وہ اب اس بااثر شخص کی ظلم وذیادتیوں سے تنگ آکر علاقے سے ہجرت کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ شخص اپنی شاطرانہ چالوں سے ہر طرف سرکاری اور غیر سرکاری زمینوں پر قبضہ جمالیتا ہے اور اپنی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو اتنا مجبور کرتا ہے کہ وہ یا تو چپ چاپ بیٹھ جاتے ہیں یا تو علاقہ چھوڑ کرجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کا سرغنہ محمد حسین نے گبور کے سرمائی چراگاہ میں مال مویشی چرانے والوں سالانہ دس سے پندرہ لاکھ روپے تک قلنگ (ٹیکس) لیتا ہے حالانکہ یہ چراگاہیں مشترک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی ہر غیر قانونی کاروائی میں حکومتی ادارے ان کی پشت پناہی کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی منفی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ فضل مولیٰ نے کہاکہ یہ شخص اپنی منفی کرتوت چھپانے کے لئے وہ خواتین اور بچوں کو تھانوں اور پریس کلب لانے سے بھی نہیں کتراتے اوران کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں