370

ضلع لوئر چترال میں سڑکوں کی تعمیر کے دو اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جن میں چترال کے سیاحتی مقامات شیشی کوہ اور کیلاش ویلی کے تین سڑکوں کی توسیع و تعمیر کے منصوبے شامل ہیںمعاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ

پشاور/خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے پسماندہ اضلاع کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لئے وزیر اعلی محمود خان کی پالیسی پر عملدرآمد کے لئے سلسلے ایک اور اہم قدم کے طور پر ضلع لوئر چترال میں سڑکوں کی تعمیر کے دو اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جن میں چترال کے سیاحتی مقامات شیشی کوہ اور کیلاش ویلی کے تین سڑکوں کی توسیع و تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی باقاعدہ منظوری 13 جنوری کو منعقد ہونے والے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ 43 کلومیٹر لمبی شیشی کوہ مداکلشٹ سڑک کا منصوبہ 7.8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ حتمی منظوری کے لئے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کو ارسال کیا جائے جہاں سے منظوری کے بعد منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اسی طرح کیلاش کی تینوں وادیوں کے سڑکوں کی توسیع و بحالی کا منصوبہ 300 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ کی کاوشوں سے منظور ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی وزیرزادہ نے ان منصوبوں کی منظوری پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کے عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم ہونگی بلکہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں