329

مذکورہ راستہ کو عوامی راستہ بنانے سے ہماری چادر اور چاردیواری کا تقدس بری طرح پامال ہوگا عمائدین جغورکاپریس کانفرنس

چترال (بیورو رپورٹ) ویلج کونسل جغور کے کسان کونسلر اختر حسین چغتائی نے کہا ہے کہ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، ڈی سی لویر چترال اور سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ جغور موچیان گاؤں کے چند گھرانوں کی ذاتی ملکیتی راستے کو فرد واحد کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوامی راستہ قرار دے کرسرکاری اداروں کے اہلکاروں کے ذریعے ڈرادھمکاکر اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے اس پر عاصبانہ طور پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں لیکن متاثرہ خاندان کے افراد اور گاؤں کے عوام اسے کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں گاؤں کے عمائیدین بادشاہ خان، وسیع الدین، حکیم اللہ، عمر فاروق، ظہور احمد بیگ، ذکریا الدین اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ راستہ ہم چند خاندانوں کے گھروں اور زمینات میں سے گزرتا ہے اور اسے عوامی راستہ بنانے سے ہماری چادر اور چاردیواری کا تقدس بری طرح پامال ہوگا اور ہماری گھروں کی بے پردگی ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ ہم کسی بھی قیمت پر اس ظالمانہ فیصلے کو پورا ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا کام عوام کی جان، مال اور آبرو کی حفاظت ہے اور زور زبردستی ان کے گھروں کے درمیان سے گزرنے والی سڑک کی تعمیر بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے جس سے ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر کو باز رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایم پی اے اور ڈی سی نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ذریعے زور زبردستی کی کوشش کی تو اس اقدام کے نتائج بھی ان ہی پر عائد ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ چونکہ ٹی ایم اے کے خلاف سول جج کی عدالت میں ایک مقدمہ ہم پہلے ہی جیت چکے ہیں اور عدالت نے ٹی ایم اے کے خلاف ڈکری بھی جاری کردی ہے اور ایک اور مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج میں زیر سماعت ہے، اس لئے عدالت میں زیر سماعت ایک معاملے میں ایم پی اے اور ڈی سی کی طرف سے مداخلت توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔ زمین کے لئے سرکار سے حاصل کردہ معاوضہ کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاوضہ تمام خاندانوں کو نہیں ملی ہے اور اگر سب کو معاوضے کی ادائیگی ہوئی، تو انہیں اعتراض نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں