لویر چترال پولیس نے شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے واک کا اہتمام کیا جوکہ پولیس لائنز سے شروع ہوکر اتالیق پل پر احتتام پذیر

چترال (نمائندہ ) جمعرات کے روز لویر چترال پولیس نے شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے واک کا اہتمام کیا جوکہ پولیس لائنز سے شروع ہوکر اتالیق پل پر احتتام پذیر ہوا جس کی قیادت ڈی سی لویر چترال محسن اقبال اور ڈی پی او لویر چترال افتخار شاہ نے کی جبکہ شہر کے علمائے کرام اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی کثیرتعداد میں شریک تھے۔ رستے بھر میں پولیس کے شہداء کے حق میں نعرے لگائے جاتے رہے۔ اتالیق پل پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی محسن اقبال نے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی زندگیاں ہمارے لئے قربان کردی تاکہ ہم چین و سکون سے زندگی بسر کرسکیں اور دہشت گردی کا قلع قمع کردیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ شہدائے پولیس کے خاندان کو ہر ممکن مددو تعاون فراہم کیا جانا چاہئے اور انہیں تنہائی کا احساس ہونے کا موقع کبھی نہیں دیا جائے جن کے عزیز وں نے ہمارے خاطر ہی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ڈی پی او نے کہاکہ اگست کا مہینہ شہدائے پولیس کی قربانیوں کو یا د کرنے کا ہے جس کے دوران ہم قوم کی ان سپوتوں کویا د کرتے ہیں جن پر رہتی دنیاتک دنیا فخر کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ 4اگست کو یوم شہداء کے علاوہ لویر چترال پولیس نے مختلف پروگرامات ترتیب دی ہے اور یہ واک اسی کا ایک حصہ ہے۔ اس سے قبل خطیب شاہی جامع مسجد خلیق الزمان اور خطیب شاہی بازار مولانا اسرار الدین الہلال نے قرآن وحدیث کی روشنی میں شہداء کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ اے این پی کے صدر الحاج عیدالحسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمن، ڈی ایس پی چترال سٹی سجا د حسین اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز احمد عیسیٰ اور دوسرے پولیس افسران موجود تھے