اپر چترال سیلاب متاثرین کی بحالی کو ہر ممکن یقینی بنائیں گے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی

اپر چترال(ذاکرمحمدزخمی )منتخب ممبر صوبائی اسمبلی/ڈپٹی اسپیکر خیر پختونخواہ ثریا بی بی نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے سیلاب کے بعد کی صورت حال پر اپر چترال کی عوام کو اعتماد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور شدید گرمی کی وجہ سے اپر چترال کے تحصیل مستوج اور تورکھو کے مختلف مقامات ریشن،گرین لشٹ،جنالکوچ، بریپ،دیزگ،خورزگ،مہتنگ،بونی ریچ ،ہرچین وغیرہ دیہات سیلاب سے بری طرح متاثر ہوکر نظام زندگی مفلوج ہوکر ره گئی ہے۔کئی قیمتی جانیں ضائع اور سینکڑوں لوگ بے گھرہونے کے ساتھ ساتھ فصلوں،باغات، مال مویشی اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے جگہ جگہ انفرسٹرکچرتباہ ہوئے ہیں۔مشکل کی اس گھڑی میں بحیثیت منتخب عوامی نمائندہ اپنے حلقے کے ہر متاثرہ جگہ پہنچنے کے ساتھ ساتھ نقصانات اور بحالی کے کاموں کا از خود جائزہ لینے کی ہر ممکن کوشش کی۔البتہ ہر گھر جانا اور ہر فرد سے ملنا ممکن نہیں تھا۔اس نازک صورت حال سے بطریقِ احسن نمٹنے کے لیے میں نے ضلعی انتظامیہ ،ریجنل کونسل بورڈ اور لائن ڈیپارٹمنٹ کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہےتاکہ تمام ادارے مل کر باہمی معاونت سے بحالی کے کاموں کو منظم انداز سے کرسکے اور کوئی بے ضابطگی نہ ہو ۔چترال مستوج روڈ کی بندش سے بھاری مشینری اور رسد متاثرہ علاقوں میں پہنچانے میں مشکلات ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود بحالی کے کام شروع ہوچکے ہیں۔چترال شندور روڈ بمقام ریشن کام شروع کرا چکی ہوں انشاء الله دو تین دنوں میں روڈ کھل جائے گی۔سیلاب سے جان بحق افراد کے لواحقین کوجلد اعانت دی جائے گی جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں انہیں بھی معاوضہ دیا جائے گا۔انفرسٹرکچر کے بحالی کے ساتھ زرعی اراضی کو دوبارہ قابل کاشت بنانے کے لیے اقدامات کیے جائینگے۔تباہ شدہ مقامات کے لوگوں کو محفوظ مقامات میں بسانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ازمائش کی اس گھڑی میں علاقے کی عوام کا صبر ، استقامت لائق تحسین ہے۔ضلعی انتظامیہ اور لائن ڈیپارٹمنٹ کی زمہ داری ہےکہ وہ مستعِدی سے عوام کی خدمت کریں۔بحالی کے کاموں میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ہر وقت اپر چترال کی عوام اور متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے تمام مشکلات اور مسائل حل ہونگے الله ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔