قومی سطح کے شٹر ڈاون ہڑتال میں لویر اور اپر چترال کی تاجر برادری کابھرپورحصہ،بازاریں مکمل بند
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) وفاقی حکومت کی طرف سے تاجروں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے اور بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف قومی سطح کے شٹر ڈاون ہڑتال میں لویر اور اپر چترال کی تاجر برادری نے حصہ لیتے ہوئے چترال شہر اور بونی کے علاوہ تمام چھوٹے بڑے قصبوں میں دکانوں، ریسٹورانوں کو مکمل بند کردیا۔ چترال شہر کے بائی پاس روڈ، اتالیق بازار، شاہی بازار، کڑوپ رشٹ بازار اور چیو بازار دنین میں دکانوں کی بندش سے کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے جبکہ سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک بھی بہت ہی کم رہی۔ چترال کے اتالیق پل میں تجاربرادری اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ایک جلسہ عام منعقد کیا جس سے تجاریونین کے عبوری صدر دین محمد ندیم، قاضی نسیم، نور احمد چارویلو، وجیہہ الدین، الحاج عیدالحسین،مغفرت شاہ،وقاص احمد ایڈوکیٹ، ساجد اللہ ایڈوکیٹ اوردوسروں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غریب ان ناجائز ٹیکسوں تلے پہلے ہی مشکل میں ہے اور اب ان کی زندگی کو مزید اجیرن اور ناقابل برداشت کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز کو 25کروڑ عوام کا خون چوسنے کے لئے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے مگر حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ یہ کھیل مزید نہیں چلے گا۔ دریں اثنا ء چترال کے مختلف علاقوں عشریت، ارندو خاص، ایون، بمبوریت، بروز، گرم چشمہ، شوغور، کوغوزی، وریجون، ریشن، مستوج، لاسپور میں دکانیں مرکزی انجمن تاجران کے حکم پر بند رہی۔