چترال بونی روڈ شدیر کے مقام پر دریا کی کٹائی سے متاثر،دریا اور سڑک کے درمیان فاصلہ صرف 2سے 4فٹ رہ گئی
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) اپر چترال کو لویر چترال اور ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا چترال بونی روڈ اپر چترال کا پہلا گاؤں ریشن کے شدیر کے مقام پر دریا کی کٹائی سے متاثر ہونے کے عمل میں گزشتہ دو دنوں کے دوران تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں اب دریا اور سڑک کے درمیان فاصلہ صرف 2سے 4فٹ رہ گئی ہے اور روڈ کا بقیہ حصہ کسی بھی وقت دریا برد ہونے اور اپر چترال کا ملک سے رابطہ منقطع ہوسکتا ہے۔ شدیر گاؤں کے 17گھرانے اور سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین دریا برد ہوچکے ہیں۔ علاقے کے عوام چترال بونی روڈ کے نگہبان ادارہ NHAکی طرف سے خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر مواصلات سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کو ہنگامی بنیادوں پر بچانے کا اہتمام کیا جائے۔ ویلج کونسل ریشن کے کسان کونسلر اور معروف سماجی شخصیت چراغ الدین نے پریس کلب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات پر سخت افسوس کا اظہا رکیا ہے کہ حکومت نے اس سڑک کوبچانے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے جوکہ چارلاکھ کی آبادی کو ملک کے دیگر حصوں سے ملاتی ہے۔ا نہوں نے کہاکہ سڑک سے بجلی کے کھمبے اور پول بھی گرگئے ہیں لیکن سرکاری ادارے بدستور خاموش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریشن کے عوام اب تک قانون کی پاسداری کرتے ہوئے خاموش رہے ہیں جس کا غلط فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔