ڈیفنڈرز آف چترال کرکٹ سپر لیگ کا آغاز، ونگ کمانڈر دروش نے افتتاح کیا

دروش(نامہ نگار) چترال سکاوٹس 146 ونگ اورآئیڈیل کلب دروش کے زیراہتمام منعقد ہونے والے ڈیفنڈرزآف چترال کرکٹ سپر لیگ کا آغاز کیپٹن اجمل شہید سپورٹس کمپلیکس دروش میں کیا گیا۔ چترال سکاوٹس 146 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل وقاص احمد اور 143 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل حسن نے سپورٹس ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر درش کے عمائدین معروف سیاسی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر، چیئرمین ویلج کونسلز فورم عمران الملک، وی سی چئیرمین عبدالقادر، وی سی چئیرمین نذیراللہ سمیت سول سوسائٹی کے اراکین اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس ایونٹ میں ضلع بھر سے 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل وقاص احمد نے کہا کہ چترال سکاوٹس ہمیشہ کھیلوں کی سرپرستی کرتی آئی ہے اور نوجوانوں کے فلاح و بہبود کیلئے ہمہ وقت تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے ڈیفنڈرز لیگ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے آئیڈیل کلب دروش کی کاوشوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معروف سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر نے پاک فوج، چترال سکاوٹس، سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے جوانوں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ ڈیفنڈرز آف چترال لیگ، آئیڈیل کلب دروش کی طرف سے مختلف کھیلوں کا ایک پروگرام ہے جو کہ پچھلے سال 6 ستمبر کے دن دہشت گردوں کی چترال کے سرحدات پر حملے کو پسپا کرتے ہوئے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے چترال سکاوٹس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد کیا جاتا ہے۔