آل گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن چترال نے سرکاری ملازمین کے لئے پنشن پالیسی میں تبدیلی کے خلاف احتجاجی جلوس

چترال (نمائندہ خصوصی) آل گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن چترال نے سرکاری ملازمین کے لئے پنشن پالیسی میں تبدیلی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا اور چترال پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاجس سے ایسوسی ایشن کے صدر امیر الملک اور دوسرے رہنماؤں نے حکومت کی اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پنشن پالیسی میں حالیہ ترمیم سرکاری ملازمین پر ظلم کا پہاڑ توڑنے کا متراد ف ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے اور اس کے خلاف احتجاج کی کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں اور صوبائی سطح پر 22جنوری کو اور مرکزی سطح پر 10فروری کو ملک بھر سے ملازمین اپنی طاقت کا زبردست مظاہر ہ کرکے یہ ثابت کردیں گے کہ وہ اپنے ساتھ ظلم ہونے نہیں دیں گے۔ مقررین نے مزید کہاکہ ساٹھ سال کی عمر تک حکومتی دفاتر اور اداروں میں خدمات انجام دینے کے بعد خالی ہاتھ گھروں کو جانے کو کوئی تیار نہیں ہے جبکہ نئی پنشن پالیسی کے مطابق ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔