حقیقی آزادی کے لئے گھروں سے نکل کر جدوجہدکرنا ہوگاجسے پلیٹ میں سجاکر کوئی پیش نہیں کرے گاجس کے لئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں ،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما احمد خان نیازی

چترال(نامہ نگار)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما احمد خان نیازی نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے لئے گھروں سے نکل کر جدوجہدکرنا ہوگاجسے پلیٹ میں سجاکر کوئی پیش نہیں کرے گاجس کے لئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور اس وقت آپ نے خوف کے بت توڑکر پھر اسی انداز سے میدان کو گرمانا ہے جس طرح ہمارے آباواجداد نے پاکستان کے حصول کے لئے تحریک پاکستان چلائی تھی اور اس وقت ہمارا مقابلہ انگریز استعماروں کے ایجنٹوں سے ہے جوکہ 75سال سے اس ملک پر قابض ہیں۔ منگل کے روز چترال میں ‘عمران خان کو رہاکراؤ ‘مہم کا آغاز کرتے ہوئے پریڈ گراونڈ کے مقام پراپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ قبضہ چھڑوانے کے لئے آپ کو اپنا تن من دھن کی قربانی پیش کرنی ہوگی جبکہ اس وقت عمران خان کی رہائی قوم کی آزادی ہے اور اس قوم کو عمران خان کی ضرورت ہے کیونکہ خان اور پاکستان لازم وملزوم بن چکے ہیں اور اس وقت کو ہم نے کھودیا تو آنے والے وقت میں غلامی میں رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ‘جس کی لاٹھی، اس کا بھینس’والا اصول اس ملک میں قائم ہے جہاں بدمعاش او ر ٹھگ حکمرانی قائم کرکے ملک سے انصاف کا جنازہ نکال دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہاکہ آج سے 30سال قبل عمران خان نے انصاف کی بنیادپر ہی پی ٹی آئی نام سے سیاسی جماعت قائم کرکے ان قبضہ گروپوں کو للکارنے کا کام شروع کیا تھا جس کا خواب تھاکہ کمزور کو طاقتور کے سامنے کھڑا کیا جائے کیونکہ انصاف کے بغیرکوئی ملک ترقی وخوشحالی کا منزل نہیں پاسکتا۔احمد خان نیازی نے مزید کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ عمران خان ہر لحاظ سے بے قصور ہیں اور کسی بھی جرم کی سزا نہیں کاٹ رہا بلکہ اپنے ملک میں قبضہ مافیاکے ساتھ ساتھ یہودونصاریٰ کی سازش سے جیل کے اندربیٹھے ہیں جبکہ ان عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ملکی آئین کا حلیہ ہی بگاڑنے کا تہیہ کررکھا ہے اور ایک شخص کی خوف سے اپنے لئے تاحیات استثنیٰ حاصل کررہے ہیں اور یہی یہودونصاریٰ کا شیوہ ہے اور یہ شریعت محمدی کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے کہ کوئی اپنے لئے تاحیات جرائم سے استثنیٰ حاصل کرلے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستانی قوم کے سامنے صرف ایک ہی راستہ ہے کہ وہ مزاحمت کے ذریعے آزادی حاصل کرے۔انہوں نے اس موقع پر موجود کارکنان سے حلف بھی لے لیا کہ اس مہم میں آخر تک بھر پور ساتھ دیں گے۔ اس سے قبل چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر نے چترال سے عمران خان کی رہائی کی مہم شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کو یقین دلایا کہ چترال کے ٹائیگروں نے ہر وقت ہراول دستہ کا کردار ادا کیا اور آگے ہی بڑھتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے عوام احسان فراموش نہیں بلکہ وہ عمران خان کی طرف سے چترالی عوام کے ساتھ محبت کا جواب محبت سے دینا جانتے ہیں۔ اس موقع پر دوسرے مقررین میں سید فرید جان، عبدالرزاق، ملک عرفان، شاہد احمد خان، محمد شریف خان، قاسم خان اور دوسرے شامل تھے۔ صوبائی وزیر ریلیف عاقب اللہ خان بھی اس موقع پر موقع پر موجود تھے





